• Home  
  • ایران جارحیت کی صورت میں بھر پور جواب دے گا،ایرانی مشن کا انتباہ
- ٹاپ سٹوری

ایران جارحیت کی صورت میں بھر پور جواب دے گا،ایرانی مشن کا انتباہ

اقوامِ متحدہ میں ایران کے مستقل مشن نے امریکا کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں ایران ایسا ردعمل دے گا جو ماضی میں کبھی دیکھنے میں نہیں آیا۔ بدھ کے روز جاری بیان میں ایرانی مشن نے واضح کیاکہ ایران باہمی احترام اور مشترکہ مفادات […]

اقوامِ متحدہ میں ایران کے مستقل مشن نے امریکا کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں ایران ایسا ردعمل دے گا جو ماضی میں کبھی دیکھنے میں نہیں آیا۔

بدھ کے روز جاری بیان میں ایرانی مشن نے واضح کیاکہ ایران باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر مذاکرات کے لیے آمادہ ہے، تاہم دباؤ یا جارحیت کی صورت میں ملک اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے اور بھرپور جواب دے گا۔

ایرانی مشن نے اپنے بیان میں یہ بھی یاد دلایا کہ امریکا کو عراق اور افغانستان کی جنگوں میں بھاری مالی اور جانی نقصان اٹھانا پڑا، جہاں اسے 7 کھرب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان ہوا جبکہ سات ہزار سے زیادہ فوجی ہلاک ہوئے۔

یہ بیان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیا گیا، جس کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ پوسٹ کا اسکرین شاٹ بھی شامل تھا۔ صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں ایران کی جانب ایک بڑے بحری بیڑے کی روانگی کا اعلان کیا تھا۔

امریکی صدر کے مطابق یہ بحری بیڑا وینزویلا بھیجے گئے بیڑے سے بھی بڑا ہے، جس کی قیادت طیارہ بردار بحری جہاز ابراہم لنکن کر رہا ہے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ یہ بیڑا ضرورت پڑنے پر طاقت کے استعمال کے ذریعے اپنا مشن فوری طور پر مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ برس بھی ایران پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد دعویٰ کیا گیا کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات تباہ کردی گئی ہیں۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اردو رپورٹ جملہ حقوق محفوظ ہیں