نوجوان مسلمان رہنما زہران ممدانی نے جمعرات کی علی الصبح نیویارک کے میئر کے طور پر قران پاک پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھا لیا،غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق زہران ممدانی نے کہا کہ ’قرآن پاک پر حلف اٹھانا ان کے لیے زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے‘۔

34 سالہ ڈیموکریٹ رہنما نے آدھی رات کے فوراً بعد سٹی ہال کے نیچے ایک غیر فعال سب وے اسٹیشن میں حلف لیا اور یوں امریکا کے سب سے بڑے شہر کی قیادت سنبھال لی۔ وہ نیویارک کے پہلے مسلمان میئر ہیں۔
ممدانی نے حلف اٹھاتے وقت قرآن پاک کے دو نسخوں پر ہاتھ رکھا، ایک ان کے دادا کا اور دوسرا نیویارک پبلک لائبریری کے شومبرگ سینٹر فار ریسرچ ان بلیک کلچر کا تھا۔
یہ بھی پڑھئیے
زہران ممدانی نیویارک سٹی کے پہلے مسلمان مئیر منتخب ،تاریخ رقم – urdureport.com
"کمیونسٹ”اور”آمر”آمنے سامنے،ٹرمپ ظہرانی ملاقات میں کیا ہوا – urdureport.com
سٹی ہال کے الفاظ کے نیچے محرابی چھت تلے کھڑے ہو کر انہوں نے کہا کہ نئے سال کی مبارکباد، چاہے آپ اس ٹنل کے اندر ہوں یا اوپر، یہ واقعی زندگی کا ایک بڑا اعزاز ہے۔
انہوں نے اس خوبصورت سب وے اسٹیشن کو شہر کی زندگی، صحت اور ورثے کے لیے عوامی ٹرانسپورٹ کی اہمیت کی علامت قرار دیا۔
ان کی نجی حلف برداری نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے کرائی، جنہوں نے صدر ٹرمپ کے خلاف فراڈ کا مقدمہ کامیابی سے چلایا تھا۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ راما دواجی بھی موجود تھیں۔
ممدانی کی ٹیم نے براڈوے کے ساتھ ساتھ بڑی اسکرینوں پر تقریب دکھانے کے لیے ایک عوامی بلاک پارٹی کا بھی اہتمام کیا ہے، تاکہ ہزاروں افراد شرکت کر سکیں۔
نیویارک کے قانون کے مطابق میئر کی چار سالہ مدت انتخابات کے بعد یکم جنوری سے شروع ہوتی ہے، اسی لیے یہ روایت بن چکی ہے کہ اختیارات کی منتقلی میں کسی ابہام سے بچنے کے لیے آدھی رات کے فوراً بعد مختصر حلف برداری کی جائے۔
یوگنڈا میں بھارتی نژاد خاندان میں پیدا ہونے والے زہران ممدانی سات برس کی عمر میں نیویارک آئے۔ محدود سیاسی تجربے کے باوجود وہ پہلے نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے رکن بنے اور پھر میئر منتخب ہوئے۔
انہوں نے سابق میئرز کی انتظامیہ اور سابق صدر جو بائیڈن کی حکومت سے تجربہ کار معاونین کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔
انہوں نے ریکارڈ توڑ ووٹر ٹرن آؤٹ کے ساتھ بیس لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے اور 50 فیصد ووٹ لے کر آزاد امیدوار اینڈریو کومو سے تقریباً دس پوائنٹس کی برتری حاصل کی، جبکہ ریپبلکن امیدوار کرٹس سلیوا بہت پیچھے رہے۔


