مشرقِ وسطیٰ جنگ بندی کے سلسلے میں جاری مذاکرات کی کامیابی کے بعد اسرائییل اور حمماس نے معاہدے کے پہلے مرحلے میں دستخط کردیے ہیں۔
اس سلسلے میں یہ پیشرفت سامنے آئی ہے کہ جنگ روکنے کے لیے اور یرغمال قیدیوں کی رہائی کے لیے امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر مصر میں دستخط کرلیے گئے ہیں، تاہم امن ڈیل پر باضابطہ دستخط آج دوپہر کیے جائیں گے۔
امن مذاکرات میں امریکی مندوب اسٹیو وٹکوف، صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر اور دونوں فریقین کے نمائندوں نے شرکت کی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر امن ڈیل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریقوں کے ساتھ منصفانہ برتاؤ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ عربوں، مسلم دنیا، پڑوسی اقوام اور امریکا کے لیے عظیم دن ہے۔ امریکی صدر نے قطر، مصر اور ترکیہ کے ثالثوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ تاریخی اور غیرمعمولی واقعہ رونما کیا ہے۔ ساتھ ہی کہا کہ امن قائم کرنے والوں پر رحمت ہو۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ڈیل کا مطلب یہ ہے کہ تمام یرغمالی جلد رہا کردیے جائیں گے اور پہلے قدم کے طور پر اپنی فوج کا متفقہ لائن پر انخلا کیا جائے گا۔ قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی پہلے مرحلے کے نکات طے پانے کی تصدیق کی ہے۔اب دونوں جانب یرغمالیوں اور قیدیوں کو رہا کیا جائے گا اور امداد بھجوانے کا عمل شروع ہو گا۔

