راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) میں دو ارب روپے سے زائد کے تاریخی مالیاتی اسکینڈل منظر عام پر آگیا جس کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ڈائریکٹر جنرل کنزہ مرتضیٰ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
چیف سیکرٹری کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کنزہ مرتضیٰ کو ڈائریکٹر جنرل بارانی ایریا ڈویلپمنٹ ایجنسی آباد میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ اسی نوٹیفکیشن میں کمشنر راولپنڈی عامر خٹک کو ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔
کنزہ مرتضیٰ کے دورِ اقتدار میں آر ڈی اے کی تاریخ کا سب سے بڑا مالیاتی اسکینڈل سامنے آیا تھا جس میں دو ارب روپے سے زائد کی غیر قانونی منتقلیاں ہوئیں۔ نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو (نیب) نے اس معاملے میں تیز رفتاری سے تحقیقات شروع کیں اور اب تک اہم پیش رفت کر لی ہے۔
نیب نے ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ، سابق ڈی جیز اور دیگر افسران سمیت 48 افراد کی جائیدادوں کی تفصیلات لاہور، کراچی، ملیر، گوادر، راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور سی ڈی اے سے طلب کر لی ہیں۔
یہ بھی پڑھئیے
اسلام آباد ایک جدید شہرجسے دنیا کے خوبصورت ترین دارالحکومتوں میں شمار کیا جاتا ہے – urdureport.com
آر ڈی اے کا بڑا ایکشن، فیصل ٹاؤن کے خلاف مبینہ لینڈ فراڈ پر مقدمہ درج – urdureport.com
آر ڈی اے کے آفیشل اکاؤنٹ سے دو ارب سے زائد کی رقوم سی ڈی آر کے ذریعے مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کی گئیں جبکہ کنٹریکٹرز کے سیکورٹی ڈپازٹ اکاؤنٹ سے بھی غیر قانونی منتقلیاں عمل میں لائی گئیں۔
نیب نے اس کیس میں دو افراد کو جیل بھیج دیا ہے جبکہ ایک ملزم نے پلی بارگین کر لیا ہے۔ اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے قائم کی گئی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ ابھی تک سامنے نہیں آ سکی۔

