اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کیش لیس آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اب ایئرپورٹ پر تمام مالی لین دین صرف ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے ہوں گے، اور نقد رقم کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔یہ پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل کیش لیس آپریشن والا ہوائی اڈہ بن گیا ہے۔
اس نظام کے تحت پارکنگ، فوڈ کورٹس، شاپنگ آؤٹ لیٹس، ٹکٹس اور دیگر سہولیات پر ادائیگی کارڈز، موبائل والیٹس (جیسے ایزی پیسہ، جاز کیش) یا کیو آر کوڈ اسکیننگ کے ذریعے ممکن ہوگی۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) کے مطابق، یہ اقدام مالی شفافیت، بین الاقوامی معیار اور صارفین کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کو ڈیجیٹل بزنس زون کے ماڈل پر منتقل کیا گیا ہے، جہاں تمام اسٹالز کو POS مشینوں اورQR اسکینرز سے منسلک کر دیا گیا ہے۔
یہ پائلٹ پروجیکٹ متحدہ عرب امارات کے شراکت دار ادارے کے تعاون سے مکمل کیا گیا، اور آئندہ چند ماہ میں یہ ماڈل کراچی، لاہور اور ملتان ایئرپورٹس تک توسیع دیا جائے گا۔
دنیا کے کئی ممالک میں ہوائی اڈوں اور دیگر عوامی مقامات پر کیش لیس آپریشن تیزی سے رائج ہو رہا ہے۔ یہ رجحان اسکینڈے نیوین ممالک (خصوصاً سویڈن، فن لینڈ اور ناروے) سے شروع ہوا جہاں 2015 کے بعد حکومتوں نے نقدی کے استعمال کو محدود کرنے کی بن چکی ہے۔
کیش لیس ماحول مسافروں کے لیے بھی سہولت لاتا ہے، اب نوٹ یا سکے رکھنے کی ضرورت نہیں، چوری اور جعلی کرنسی کا خطرہ ختم، جبکہ ادائیگی کا عمل تیز تر ہو جاتا ہے۔ نائیجیریا کے تجربے سے یہ بھی ثابت ہوا کہ ایسے نظام سے ہوائی اڈوں کی آمدنی میں 50 سے 75 فیصد اضافہ ممکن ہے۔

