وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کی سہولت کے لیے سات مختلف مقامات پر گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگانے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ اب شہری صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک ان پوائنٹس پر جا کر باآسانی اپنی گاڑیوں پر ایم ٹیگ حاصل کر سکیں گے۔
کچنار پارک سیکٹر آئی-8، اسلام آباد کلب اور لیک ویو پارک میں خصوصی پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایف نائن پارک، ترلئی اور 26 نمبر چونگی پر بھی شہریوں کے لیے ایم ٹیگ لگوانے کی سہولت موجود ہے۔ شہریوں کی مزید سہولت کے لیے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن دفتر میں بھی دوپہر 3 بجے سے رات 9 بجے تک ایم ٹیگ لگوایا جا سکتا ہے۔
یہ پڑھئیے
مری سے اسلام آباد تک گلاس ٹرین منصوبے میں مزید توسیع دینے کا فیصلہ – urdureport.com
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہری بغیر کسی انتظار کے اپنے گھر کے قریب ترین پوائنٹ سے ایم ٹیگ بنوا سکتے ہیں، جس سے وقت اور محنت دونوں کی بچت ہوگی۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ایم ٹیگ کے بغیر کسی بھی گاڑی کو اسلام آباد میں داخل ہونے یا چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگلے مرحلے میں ایم ٹیگ کے بغیر گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائیاں بھی شروع کی جائیں گی۔

