ایشیاکپ 2025 کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 11 رنز سے شكست دے دی جس كے بعد ایك بار پھر فائنل میں پاك بھارت ٹاكرا ہو گا جو كہ 28 ستمبر کو مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔
دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ سپر فور کے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے، محمد حارث 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ محمد نواز نے 25 اور فہیم اشرف نے 14 رنز اسکور کیے۔
پاکستان نے ہدف کے دفاع میں تباہ کن باؤلنگ سے آغاز کیا اور ایک رنز پر ہی پہلی وکٹ حاصل کر لی، جب شاہین آفریدی نے پرویز حسین کو پویلین کی راہ دکھائی۔
بنگلہ دیش بیٹرز پاکستان باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے، جن کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
شمیم حسین 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ سیف حسین 18، نور الحسن اور رشاد حسین نے 16، 16 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بن سکی، یوں پاکستان نے میچ میں 11 رنز سے کامیابی حاصل کر کے ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ایشیا کپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب نے 2 اور محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش کے مستقل کپتان لٹن داس کی غیر موجودگی میں کپتانی کے فرائض انجام دینے والے جاکر علی نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے صاحبزادہ فرحان صرف 4 رنز ہی بناسکے، تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے صائم ایوب ایک بار پھر کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے، وہ ایشیا کپ میں چوتھی بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔
فخر زمان بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 20 گیندوں پر 13 رنز اور حسین طلعت 3رنز بناکر رشاد حسین کا شکار ہوئے جبکہ کپتان سلمان آغا پھر ناکام ہو گئے اور 19 رنز بنا کر مستفیض الرحمٰن کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کو چھٹا نقصان 14ویں اوور میں 71 رنز پر ہوا، جب شاہین شاہ آفریدی بڑی ہٹ مارنے کی کوشش میں 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد حارث 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ محمد نواز نے 25 اور فہیم اشرف نے 14 رنز اسکور کیے۔
بنگلہ دیش کے تسکین احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں، رشاد حسین اور مہدی حسن نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مستفیض الرحمٰن ایک وکٹ لے سکے۔
قومی ٹیم کی جانب سے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور سری لنکا کے خلاف میدان میں اترنے والے پلینگ الیون کے ساتھ ہی کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

