برمنگھم ائیر پورٹ پر 67 سالہ پاکستانی خاتون زاہدہ پروین سے 25 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔
برمنگھم ایئرپورٹ پر 25 کلو گرام ہیروئن برآمد کے بعد ایک برطانوی بارڈر فورس افسر پر کلاس اے منشیات درآمد کرنے کی سازش کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔39 سالہ سید شاہ، جو ہاج ہل (Hodge Hill) کے رہائشی ہیں، کو 24 اکتوبر کو برمنگھم ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا۔ وہ آج عدالت میں پیش ہوں گے۔
نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) کے مطابق یہ منشیات ایک سوٹ کیس میں موجود تھیں جو 67 سالہ زاہدہ پروین نامی خاتون کی ملکیت تھی۔ زاہدہ پروین مانچسٹر کی رہائشی ہیں اور حال ہی میں پاکستان سے آنے والی پرواز کے ذریعے برطانیہ پہنچی تھیں۔زاہدہ پروین پر بھی کلاس اے منشیات درآمد کرنے کی سازش کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔
اسی مقدمے میں ایک تیسرا شخص شاہد بٹ (52 سالہ، سالٹلی برمنگھم سے) بھی شامل ہے، جس پر بھی یہی الزام عائد کیا گیا ہے۔مزید برآں، شاہد بٹ اور سید شاہ دونوں پر منی لانڈرنگ (رقم کی غیر قانونی منتقلی) کے الزامات بھی لگائے گئے ہیں۔
اس سے قبل، گزشتہ سال دو بدعنوان بارڈر فورس افسران کو علیحدہ مقدمات میں جیل کی سزا سنائی گئی تھی ایک نے 15 کلو منشیات سے بھری گاڑی کو پورٹسمتھ فیری ٹرمینل سے گزرنے دیا تھا، جبکہ دوسرا ہزاروں ایکسٹیسی گولیاں فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار ہوا تھا۔

