سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا کے بعد ایک پیغام میں وزیرِ اعلی خیبرپختونخوا کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتجاج کی تیاری کریں۔
عمران خان نے کہا کہ سہیل آفریدی کو پیغام دیتا ہوں کہ سٹریٹ موومنٹ کی تیاری پکڑیں۔ پوری قوم کو اپنے حقوق کے لیے اٹھنا ہو گا۔ جدوجہد عبادت ہے اور میں پاکستان کی حقیقی آزادی کی جدوجہد کے لیے شہادت کے لیے بھی تیار ہوں۔
عمران خان کی جانب سے یہ پیغام اور اڈیالہ جیل میں اپنے وکلا سے گفتگو کا متن اُن کے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر شیئر کیا گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ فوج میری ہے اور پاکستان قوم کی ہے- جب میں کسی پر تنقید کرتا ہوں تو وہ ایک شخص پر تنقید ہے، جیسے ماضی کے ڈکٹیٹرز پر بھی ہوتی آئی ہے۔
یہ بھی پڑھئیے
توشہ خانہ ٹو کیس،عمران خان اور بشریٰ بی بی کو مجموعی طور پر 17،17 سال قید کی سزا – urdureport.com
نو مئی کیس،پی ٹی آئی کے تین رہنماوں کو دس دس سال قید کی سزائیں ،شاہ محمود قریشی بری – urdureport.com
عمران خان نے کہا کہ یہاں صرف لکھے لکھائے فیصلے پڑھ کر سنائے جاتے ہیں،گذشتہ تین برسوں کے بے بنیاد فیصلوں اور سزاؤں کی طرح توشہ خانہ ٹو کا فیصلہ بھی میرے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہماری کتابوں، ٹی وی اور ملاقات سب پر پابندی ہے۔ جیل میں ہر قیدی ٹی وی دیکھ سکتا ہے لیکن مجھ پر اور بشریٰ بی بی پر ٹی وی دیکھنے تک کی بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ میرے خاندان کی جانب سے جو کتابیں بھیجی جاتی ہیں وہ جیل حکام کی طرف سے روک لی جاتی ہیں۔،اُنھیں اور اُن کی اہلیہ کو مسلسل قیدِ تنہائی میں رکھ کر ذہنی اذیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میری بہنوں اور دیگر خواتین کے ساتھ اڈیالہ جیل کے باہر جو بدسلوکی اور ظلم ہو رہا ہے اس پر مجھے شدید دکھ اور افسوس ہے۔ یہ جو سلوک بشرٰی بی بی، ڈاکٹر یاسمین، ماہرنگ بلوچ اور دیگر خواتین کے ساتھ کیا جا رہا ہے، وہ اسلامی روایات اور اخلاقیات کے برعکس ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی اور آئین کی بحالی کی جدوجہد کے لیے انصاف لائرز فارم اور وکلأ کا فرنٹ فٹ پر آنا ناگزیر ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’مجھے سلمان صفدر اور ان کی ٹیم پر اعتماد ہے اور میں نے اُنھیں ہدایت کی ہے کہ بوگس فیصلوں کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل کریں۔


