وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت تقریب میں نئی زیارات کمپنیوں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کا اجرا۔
ایران /عراق کے زائرین کو بہتر سہولیات، شفاف طریقہ کا ر کے ذریعے محفوظ سفر کا خواب پورا ہونے جا رہا ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے 67 نئے زیارات گروپ آرگنائزرز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کہیں۔

وزیر مذہبی امور نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں 24 اور اب 67 مزید زیارات کمپنیوں کی رجسٹریشن مکمل کی گئی ہے۔ جنوری 2026 سے نئے نظام کے تحت ایران/عراق کی زیارات عمل میں لائی جائیں گی۔
انہوں نے رجسٹرڈ زیارت گروپ آپریٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے ہی تجربہ کار ہیں، زائرین کی بہترین سہولیات کو یقینی بنائیں۔ باقی رہ جانے والی کمپنیاں اپنے کوائف جلد از جلد مکمل کر کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔
انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ ایک فیری کمپنی ’’سی کیپرز‘‘ نے زائرین کو لے جانے کے لیے وزارتِ بحری امور سے لائسنس حاصل کیا ہے۔ ایران/عراق زائرین کے لیے جلد بحری سفر کی راہیں ہموار ہوں گی۔ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سےزائرین کی سہولت کے لیے زیارات مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم بنا رہے ہیں۔
یہ بھی پرھئیے
وہ کونسی شخصیت جو بغیر ویزا دنیا بھر کا سفر کرتی ہے؟ – urdureport.com
انہوں نے زیارات پر جانے کے خواہشمند افراد کو بتایا کہ وزارت سے رجسٹرڈ کمپنیوں کی فہرست وزارت کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ پنجاب سے 50، خیبر پختونخواہ سے 22، سندھ سے 10 ، اسلام آباد سے 8، گلگت سے 1 کمپنی شامل ہے.
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے بروقت انتظامات کرنے پر شعبہ زیارات کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، جوائنٹ سیکرٹری زیارات احمد ندیم خان ، ڈپٹی سیکرٹری ناصر عزیز خان، رانا محمد مجاہد اور کمپنیوں کے سربراہان، نمائندے شریک تھے۔

