حکومت نے قومی کر کٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کی مشروط اجازت دے دی ہے تا ہم پاکستانی ٹیم انڈیا کے خلاف اپنا میچ نہیں کھیلے گی۔
پاکستان نے ٹیم کو ورلڈکپ میں شرکت کی منظوری دی ہے اور یہ بات کلئیر کر دی ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ 15 فروری کو ہونے والا میچ نہیں کھیلے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی دوسری ملاقات میں اس بات فیصلہ کیا گیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف 15 فروری کو میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کی کئی وجوہات ہیں، جن میں بنگلادیش کے حوالے سے آئی سی سی کا جانبدارانہ فیصلہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان اس معاملے پر بنگلادیش کے ساتھ اظہار یکجہتی دکھانا چاہتی تھی، پاکستانی ٹیم کو 15 فروری کو بطور احتجاج بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کا کہا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ حکومت اسلامی جمہوریہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں شرکت کی منظوری دیتی ہے۔
یہ بھی پڑھئیے
بنگلادیش ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء سے آوٹ اسکاٹ لینڈ ان ، زیادتی ہوئی پاکستان – urdureport.com
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں بھارت سے شیڈول میچ میں حصہ نہیں لے گی۔
خیال رہے کہ گروپ اے میں موجود پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنی مہم کا آغاز 7 فروری سے نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گی جبکہ اسکا دوسرا امتحان 10 فروری کو امریکا کے خلاف میچ سے ہے۔
قومی ٹیم کا 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ شیڈول تھا، تاہم اب حکومتی اعلان کے بعد قومی ٹیم یہ میچ نہیں کھیلے گی۔گروپ اے میں پاکستان ٹیم اپنا آخری میچ نمیبیا کے خلاف 18 فروری کو کھیلے گا۔


