سال 2025 میں بیجنگ چین میں پاکستانی چلغوزے کی سب سے بڑی منڈی کے طور پر سامنے آیا ہے اور شہری اس کو اپنی لازمی خریداری کا حصہ بنا رہے ہیں۔
یہ رجحان چینی صارفین کی مضبوط طلب، مستحکم تجارتی روابط اور چینی مارکیٹ میں پاکستانی اعلیٰ معیار کے خشک میوہ جات کی بڑھتی ہوئی پہچان کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ اعداد و شمار گوادر پرو کی جانب سے مرتب کردہ تجارتی ڈیٹا میں سامنے آئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار: بیجنگ درآمدات میں سب سے آگے
چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (GACC) کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، بیجنگ نے 2025 میں پاکستان سے 7 لاکھ 58 ہزار کلوگرام سے زائد چلغوزہ درآمد کیا، جس کی مجموعی مالیت ایک کروڑ 17 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر رہی۔ یہ مقدار اور مالیت چین کے دیگر تمام علاقوں سے کہیں زیادہ ہے۔
دیگر چینی علاقوں میں بھی درآمدات میں اضافہ
بیجنگ کے بعد ساحلی صوبہ ژجیانگ نمایاں رہا، جہاں مجموعی طور پر 3 لاکھ 79 ہزار کلوگرام چلغوزہ درآمد کیا گیا جس کی مالیت تقریباً 59 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر تھی۔
اس کے بعد شنگھائی میں 8 ہزار 720 کلوگرام چلغوزہ درآمد ہوا جس کی قیمت 1 لاکھ 66 ہزار 310 امریکی ڈالر رہی، جبکہ سنکیانگ ویغور خودمختار خطے میں نسبتاً کم مقدار میں درآمدات ہوئیں۔
بیجنگ کی واضح برتری برقرار
اگرچہ چین کے مختلف حصوں میں پاکستانی چلغوزے کی مانگ میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، تاہم مقدار اور قیمت دونوں حوالوں سے بیجنگ کی برتری بدستور برقرار ہے۔
نیو ایئر گفٹ فیئر میں پاکستانی چلغوزہ سب سے زیادہ مقبول
حال ہی میں بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے قریب واقع نیشنل ایگریکلچر ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہونے والے “نیو ایئر گُڈ فیئر” (جسے نیو ایئر گفٹ فیئر بھی کہا جاتا ہے) میں پاکستانی چلغوزہ چینی صارفین میں سب سے زیادہ مقبول مصنوعات میں شامل رہا۔
چینی صارفین کی بھرپور دلچسپی
چینی نئے سال کی خریداری کے عروج کے موقع پر منعقد ہونے والے اس میلے میں آنے والے افراد نے پاکستانی چلغوزے کے ذائقے، اعلیٰ معیار اور صحت بخش فوائد میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی۔ کئی خریداروں نے اسے تہواروں کے لیے “لازمی خریداری” قرار دیا۔
قیمتیں مقامی پاکستانی مارکیٹ سے بھی بہتر
پاکستانی چلغوزے کی قیمت 280 یوآن (تقریباً 40.1 امریکی ڈالر) فی کلوگرام تھی، جو پاکستان کی مقامی مارکیٹ کے مقابلے میں بھی خاصی مسابقتی ہے۔ نمائش نے پاکستان کی زرعی صلاحیتوں کو اجاگر کیا اور پاکستانی برآمد کنندگان کو چینی درآمد کنندگان، ریٹیلرز اور ای کامرس پلیٹ فارمز سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔
سڑکوں پر بھی پاکستانی چلغوزے کی مقبولیت نمایاں
پاکستانی چلغوزے کی مقبولیت سڑکوں پر بھی واضح نظر آتی ہے اور لوگوں میں دن بدن اس کی مانگ می اضافہ ہو رہا چینی اسے بڑے شوق کے ساتھ اپنی خریداری میں شامل کر تے ہیں۔ 500 گرام پاکستانی چلغوزہ 80 یوآن میں فروخت ہوتا ہے۔
ماہرین کی رائے: مزید ترقی کے وسیع امکانات
تجارتی ماہرین کا خیال ہے کہ بہتر لاجسٹکس، یکساں معیار کو یقینی بنانے اور بیجنگ جیسے بڑے شہروں میں مؤثر تشہیری سرگرمیوں کے ذریعے چین کی منافع بخش نٹ مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔
سفارتی سطح پر تشہیری مہمات کی ضرورت
صحت کے حوالے سے بڑھتی ہوئی آگاہی اور اعلیٰ درآمدی خوراک کی بڑھتی طلب کے پیش نظر، پاکستانی چلغوزہ آئندہ برسوں میں چینی مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھئیے

