اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں ہائیکورٹ جج کے بیٹے کی گاڑی کی ٹکر سے 2 لڑکیوں کے جاں بحق ہونے کے مقدمے میں متاثرہ خاندانوں نے ملزم کو معاف کر دیا اور عدالت مین بیان ریکارڈ کروا دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جج کے بیٹے ابوذر اور متاثرہ خاندانوں کے درمیان صلح طے پا گئی ہے، جس کے بعد متاثرہ خاندانوں نے ملزم کو معاف کرنے کا بیان ریکارڈ کرایا۔جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں متاثرہ فیملیز کے بیانات درج کیے گئے۔
ایک لڑکی کے بھائی نے ذاتی طور پر بیان دیا، جبکہ اس کی والدہ کا بیان آن لائن ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری لڑکی کے والد بھی عدالت میں پیش ہوئے اور صلح کے بارے میں اپنا مؤقف واضح کیا۔
بیانات درج ہونے کے بعد عدالت نے ملزم ابوذر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ جج کے بیٹے نے اسکوٹی پر جانے والی 2 لڑکیوں کو اپنی گاڑی کے نیچے کچل دیا تھا، جس کے بعد عوام ملزم کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کررہے تھے۔


