اسلام آباد:وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمن کی زیر صدارت پرائیویٹ حج سکیم کا جائزہ اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرائیویٹ حج منظمین اور حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ہوپ) کے نمائندوں نے اسلام آباد اور دیگر شہروں سے بذریعہ زوم شرکت کی۔
اجلاس میں پرائیویٹ حج کمپنیوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ سعودی ای والٹ میں 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن سے قبل رقوم کی موجودگی یقینی بنائیں۔ تمام پرائیویٹ حج منظمین کو منیٰ کے پلاٹس کی بکنگ اور مطلوبہ رقم کی موجودگی کے ثبوت 15 دسمبر سے
وزارت میں جمع کروانے کی خصوصی تاکید کی گئی۔ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن نے کہا کہ وزارت کے جاری کردہ اخباری اشتہار اور متعدد خطوط میں ڈیڈ لائن سے متعلقہ ہدایات پر عمل لازمی ہے۔ عدم تعمیل کی صورت میں وزارت متعلقہ منظمین کا حج کوٹہ دیگر منتظمین کو دینے یا سرکاری حج سکیم میں شامل کرنے کی مجاز ہو گی۔
جنرل سیکرٹری ہوپ ثنا اللہ کا کہنا کہ منظمین 53 ہزار 265 پرائیویٹ عازمین حج کے منیٰ پلاٹ بک کر چکے ہیں اور بقیہ بھی چند دن میں مکمل کر لیے جائیں گے۔ پرائیویٹ حج کمپنیوں کی جانب سے وزارت کو بروقت انتظامات مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔


