راولپنڈی: راولپنڈی میں شہری کو مبینہ طور پر ہنی ٹریپ کے ذریعے بلیک میل کر کے بھاری رقم وصول کرنے کے الزام میں پولیس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ ایک خاتون کو بھی کیس میں نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ شہری شیراز کو مبینہ طور پر منصوبہ بندی کے تحت ہنی ٹریپ کا شکار بنایا گیا اور اس سے 50 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعد ازاں مبینہ طور پر 11 لاکھ روپے میں معاملہ طے کرنے کی کوشش کی گئی۔
واقعے کے بعد شیراز کے اہل خانہ نے سٹی پولیس آفیسر (CPO) کو درخواست دے کر معاملے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا، جس پر پولیس نے انکوائری شروع کی۔
تحقیقات میں حقائق بے نقاب
تحقیقات کے دوران یہ الزام بھی سامنے آیا کہ ایک پولیس اہلکار نے خود کو بچانے کے لیے شیراز کے خلاف ایک خاتون کی مدعیت میں زیادتی کا مقدمہ درج کروایا، تاہم پولیس انکوائری میں شہری کے الزامات کو درست قرار دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق تھانہ چکلالہ میں پہلے سے درج مقدمے میں ہیڈ کانسٹیبل لاریب سمیت چار دیگر ملزمان کے خلاف مزید دفعات شامل کر دی گئی ہیں، جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔


