اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفیز کے خلاف کارروائیوں اور قواعد و ضوابط پر عمل درآمد سے متعلق کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد کو 9 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔عدالت نے کہا کہ تمام فریقین مقررہ مدت میں اپنا مؤقف پیش کریں، جبکہ ڈی سی اور آئی جی اسلام آباد آئندہ سماعت کے موقع پر ذاتی طور پر عدالت میں حاضر ہوں گے۔
چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی جانب سے جاری دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامے میں چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر، آئی جی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سات روز کے اندر اپنی رپورٹس اور تحریری کمنٹس عدالت میں جمع کرائیں۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں بڑی تعداد میں شیشہ کیفیز سرگرم ہیں، جن میں سے کئی لائسنس اور این او سی کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کام کر رہے ہیں، ان کیفیز کی وجہ سے صحت عامہ کو خطرات لاحق ہیں اور متعلقہ ادارے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

عدالت نے درخواست کی نقل لا آفیسر کے حوالے کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ عدالتی احکامات پر بروقت عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ کیس کی آئندہ سماعت 9 ستمبر کو ہوگی۔
پہلی سماعت میں کی کاروائی
اس سے قبل ہونے والی سماعت میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہر میں قائم شیشہ کیفیز کی تعداد، این او سی کی خلاف ورزیوں اور ان کے خلاف کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو نوٹس جاری کیے تھے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ اسلام آباد میں متعدد شیشہ کیفیز رات گئے تک سرگرم رہتے ہیں اور بعض مقامات این او سی کے بغیر بھی چلائے جا رہے ہیں جو کہ ایچ آئی وی سمیت دیگر بیماریوں کے پھیلاؤ کے خدشات موجود ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ متعلقہ اداروں کو اسلام آباد میں قائم تمام شیشہ کیفیز کی تفصیلات، ان کے لائسنس، این او سی اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اب تک کی گئی کارروائیوں کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
مذید خبریں
اسلام آباد کیفے میں ڈانس پارٹی : ویڈیوز وائرل، انتظامیہ کا ایکشن – urdureport.com
باہمت نوریہ : لڑکے کا روپ دھار کر کیفے پر ملازمت کرتے ہوئے گرفتار – urdureport.com
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے بھی حال ہی میں ڈپٹی کمشنر عرفان میمن کی زیر صدارت ایک اجلاس میں احتساب کے نظام اور غیر قانونی شیشہ کیفیز کے خلاف جاری کارروائیوں سمیت مختلف انتظامی امور کا جائزہ لیا۔


