اردوEnglish
ہفتہ, 17 اکتوبر 2026
  • Home  
  • راولپنڈی :ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی درخواست پر شوہر گرفتار، 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
- پاکستان

راولپنڈی :ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی درخواست پر شوہر گرفتار، 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

راولپنڈی پولیس نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز ملیحہ سحر کی درخواست پر ان کے شوہر جواد علی کو گرفتار کر لیا۔ عدالت نے ملزم کو 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

اردو رپورٹ ڈیسک

راولپنڈی پولیس نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز ملیحہ سحر کی درخواست پر ان کے شوہر جواد علی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا۔

عدالت نے ملزم جواد علی کو 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ ملزم کے خلاف ملیحہ سحر کی مدعیت میں تھانہ ویمن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

جسمانی اور ذہنی تشدد کے الزامات

ایف آئی آر کے مطابق خاتون افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں مبینہ طور پر شدید جسمانی اور ذہنی تشدد، حبس بے جا اور قتل کی دھمکیوں کا سامنا رہا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق دو کمسن بچوں کی والدہ ملیحہ سحر کو گزشتہ کئی ماہ سے مبینہ طور پر ان کے شوہر کی جانب سے مسلسل جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔

ملیحہ سحر کے مطابق انہوں نے خاندان کو بچانے کی کوشش میں مبینہ تشدد برداشت کیا۔

کمرے میں بند رکھنے کا الزام

ایف آئی آر کے مطابق ملیحہ سحر نے مؤقف اختیار کیا کہ 2 اکتوبر کی شام انہیں مبینہ طور پر جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ایک کمرے میں بند کر دیا گیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ 2 اور 3 اکتوبر کی درمیانی رات سے 3 اکتوبر کی شام تک انہیں کمرے میں بند رکھا گیا، جبکہ اس دوران ان کے شوہر نے مبینہ طور پر انہیں قتل کرنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

موبائل فون چھیننے کا بھی الزام

ایف آئی آر کے مطابق ملیحہ سحر نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا موبائل فون بھی چھین لیا گیا اور انہیں حبس بے جا میں رکھا گیا۔

خاتون افسر نے مزید الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر بچوں کو بھی مبینہ طور پر انہیں ذہنی اذیت دینے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

خاتون افسر کی تحفظ کی درخواست

ایف آئی آر کے مطابق ملیحہ سحر نے درخواست کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان کے شوہر کو ان تک کسی قسم کی رسائی حاصل نہ ہو اور وہ بچوں کو بنیاد بنا کر انہیں مزید ذہنی اذیت کا نشانہ نہ بنا سکیں۔

urdureport.com@2025. All Rights Reserved

Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!