اردو رپورٹ ڈیسک
بالی ووڈ کے معروف کامیڈی اداکار راج پال یادیو کو چیک باؤنس کیس میں عدالتی حکم کے باوجود رقم جمع نہ کرانے پر بھارتی سپریم کورٹ کی سخت برہمی کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق عدالت نے راج پال یادیو کو 2 کروڑ بھارتی روپے جمع کرانے کے لیے دو ہفتوں کی مہلت دی تھی، تاہم مقررہ مدت کے دوران رقم جمع نہیں کرائی گئی۔
وکیل کے بیان پر جسٹس کا سخت ردعمل
سماعت کے دوران راج پال یادیو کے وکیل نے شکایت کنندہ کے بارے میں کہا کہ وہ ’غریب نہیں ہیں‘۔
اس بیان پر جسٹس جوئے مالیا باگچی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا، ’آپ کو معلوم ہونا چاہیے کب بولنا ہے، آپ کی جگہ جیل میں ہے۔‘
منگل تک رقم جمع کرانے کا حکم
عدالت نے اب راج پال یادیو کو منگل تک مطلوبہ 2 کروڑ بھارتی روپے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
یہ کارروائی اس عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے کے معاملے میں ہوئی، جس کے تحت اداکار کو مقررہ مدت میں رقم جمع کرانی تھی۔
معاملہ 2010 کی مالی معاونت سے متعلق
یہ کیس 2010 میں ایک فلم کے لیے حاصل کی گئی 5 کروڑ بھارتی روپے کی مالی معاونت سے متعلق ہے۔ بعد ازاں اس رقم کے حوالے سے جاری کیے گئے چیکس باؤنس ہوگئے تھے۔
تازہ عدالتی کارروائی میں بنیادی معاملہ 2 کروڑ بھارتی روپے جمع کرانے کے عدالتی حکم پر مقررہ مدت میں عمل نہ کرنا ہے۔


