وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو ملتان، مظفرگڑھ، میانوالی شاہراہ آئندہ دو ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے این ایچ اے کو مانسہرہ سے ناران تک 123 کلومیٹر طویل ماڈل منصوبے کی فیزیبلٹی تیار کرکے پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف سیاحت کے لیے نہیں بلکہ چین کے ساتھ تجارت کے فروغ میں بھی اہم سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے۔
مانسہرہ، ناران، جھالکنڈ، چلاس شاہراہ
اجلاس میں عبدالعلیم خان کو مانسہرہ، ناران، جھالکنڈ اور چلاس شاہراہ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے این ایچ اے کو 123 کلومیٹر طویل مانسہرہ، ناران ماڈل منصوبے کی فیزیبلٹی پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر کی ہدایت پر گرو نانک ایکسپریس وے کے لیے بین الاقوامی ٹینڈرنگ کے عمل میں جانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
گرو نانک ایکسپریس وے
عبدالعلیم خان نے کہا کہ گرو نانک ایکسپریس وے سکھ برادری کے لیے مذہبی اہمیت کا حامل ہوگا اور منصوبے کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاری لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ، کینیڈا اور امریکہ میں مقیم سکھ برادری کو گرو نانک ایکسپریس وے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔
شاہراہوں پر حفاظتی اقدامات
اجلاس میں راولپنڈی سے پشاور تک جی ٹی روڈ کے مختلف حصوں میں جاری تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر نے این ایچ اے کو ملتان، مظفرگڑھ، میانوالی شاہراہ دو ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی کہ شاہراہ پر حفاظتی اقدامات سو فیصد یقینی بنائے جائیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی بھی شاہراہ پر شہریوں کی حفاظت سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی۔
نئی شاہراہوں پر سہولیات
اجلاس میں پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد موٹروے ایم فور کی توسیع کے دوران حفاظتی جنگلے تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نئی شاہراہوں کے دونوں اطراف آرام گاہیں اور واش رومز ہونے چاہئیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نئے مکمل ہونے والے منصوبوں کو ہر لحاظ سے محفوظ اور خوبصورت بنایا جائے۔
گرین بیلٹس اور شجرکاری
اجلاس میں این ایچ اے کی جانب سے تعمیر کی جانے والی نئی شاہراہوں اور موٹرویز میں گرین بیلٹس کو لازمی شامل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
عبدالعلیم خان نے این ایچ اے کو ہارٹیکلچر کو شاہراہوں کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا باقاعدہ حصہ بنانے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر مواصلات نے این ایچ اے کو جاری منصوبے کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔


