ٹی 20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید کو باقی رکھا ہے تاہم یہ ہدف حاصل کرنا اتنا آسان نہیں ہوگا۔
اب تک یہ فیصلہ نہیں ہو سکا کہ اس گروپ بی سے دوسرا سیمی فائنلسٹ کون ہو گا۔
اگرچہ اس گروپ سے انگلینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کھیلنے کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے مگر اب دوسرے سیمی فائنلسٹ کے لیے شائقین کی نظریں پاکستان اور سری لنکا کے میچ پر رہیں گی۔
انگلینڈ نے اس وقت شاندار واپسی کی جب 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں وِل جیکس اور ریحان احمد کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے 40 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی۔
یہ انگلینڈ کی ساتویں وکٹ کے لیے ٹی 20 ورلڈ کپ مقابلوں میں سب سے طویل شراکت تھی اور اسی کی بدولت انگلش ٹیم نے آخری اوور میں ہدف کا کامیاب تعاقب کیا۔


