اسلام آباد پمز ہسپتال انتظامیہ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کو آنکھ کے علاج کے لیے 23 مارچ کو دوبارہ ہسپتال لایا گیا جہاں انھیں آنکھوں کے انٹرا وٹریل انجیکشن کی تیسری خوراک دی گئی۔
ہپستال انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’عمران احمد خان نیازی ولد اکرام اللہ خان نیازی (عمر 74 سال) کو 23 مارچ 2026 کو انٹرا وٹریل انجیکشن کی تیسری خوراک کے لیے پمز ہپستال لایا گیا۔
یہ پروسیجر کرنے سے قبل آنکھوں کے ماہر ڈاکٹروں نے اُن کا معائنہ کیا اور ان کی طبی حالت مستحکم تھی۔‘
پمز کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا کہ ’مریض کی باقاعدہ رضامندی حاصل کرنے کے بعد اور معیاری مانیٹرنگ کے تحت، آپریشن تھیٹر میں تمام حفاظتی اقدامات اور پروٹوکول اپناتے ہوئے، سرجنز نے اینٹی وی ای جی ایف کا تیسرا انٹراویٹریئل انجیکشن لگایا۔‘
’یہ عمل ڈے کیئر سرجری کے طور پر انجام دیا گیا۔ بعد ازاں انھیں مزید نگہداشت، فالو اپ مشوروں اور دستاویزات کے ساتھ ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔‘
یاد رہے کہ عمران خان کو اس انجیکشن کی دوسری خوراک 23 اور 24 فروری کی درمیانی شب دی گئی تھی اور اس مقصد کے لیے انھیں اڈیالہ جیل سے پمز ہسپتال ہی لایا گیا تھا


