وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت کا جو کل اعلان کیا گیا اس کے بعد فی لیٹر قیمت 458 روپے ہو گئی لیکن اس قیمت کو کم کرنے کیلئے میں آج پیٹرولیم لیوی میں فی الفور 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر رہاہوں جس کے بعد آج رات 12 بجے پیٹرول کی قیمت 458 سے کم ہو کر 378 فی لیٹر ہو جائے گی ، یہ کمی اگلے ایک ماہ کیلئے ہو گی اور پورے پاکستان پر اس کا اطلاق ہوگا
وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان ریلویز کی اکانومی کلاس کے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وزارت ریلوے کو اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
قومی یکجہتی کے جذبے کے تحت صوبائی قیادت نے بھی بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے، جن میں مریم نواز شریف، مراد علی شاہ، سہیل آفریدی اور میر سرفراز بگٹی شامل ہیں۔
ان رہنماؤں نے قومی مقصد کیلئے وسائل فراہم کرنے کی فوری یقین دہانی کرائی۔حکومت کا مؤقف ہے کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی اتحاد، اتفاق اور یکجہتی ناگزیر ہے، اور یہی وقت کا اہم تقاضا بھی ہے
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ ہفتوں اور دنوں میں دیکھا کہ بعض ممالک میں میلوں لمبی قطاریں لگیں جہاں لوگوں کو بے پناہ تکلیف ہوئی، الحمداللہ پاکستان میں ہم نے ان تمام معاملات کو دور رکھا، اجتماعی کاوشوں اور بروقت فیصلوں کے ذریعے ، کل کے اعلانات کے مطابق موٹر سائیکل کو ایک لیٹر پر 100 سبسڈی دی جائے گی۔
اسی طریقے سے ہم نے یہ فیصلہ کیا کہ گڈز ٹرانسپورٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ میں مال بردار گاڑیوں کو سپورٹ دینے کیلئے ایک ماہ تک 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے سبسڈی دی جائے گی ، جس کے تحت چھوٹے ٹرکوں کو 70 ہزار روپے ، بڑے ٹرکوں کو 80 ہزار اور عوامی سفر کی بسوں کو ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی تاکہ اشیاء ضروریہ کی قیمتیں اور کرایوں کو بوجھ آپ پر نہ پڑے۔پاکستان کے چھوٹے کسانوں کیلئے 1500 روپے فی ایکڑ امداد مہیا کرنے کا اعلان کیا گیاہے


