اردو رپورٹ ڈیسک
امریکی ریاست نیو جرسی کے علاقے ویسٹ ملفورڈ میں واقع کلنٹن روڈ کو ایک جرمن کار کرایہ پر دینے والی کمپنی کی رپورٹ میں دنیا کی سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک قرار دیا گیا ہے۔
12 اکتوبر 2026 کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اس سڑک سے متعلق مافوق الفطرت واقعات کی کہانیاں ایک صدی سے زائد عرصے سے مشہور ہیں۔ پراسرار روشنیاں اور غیرمعمولی واقعات کے دعوے اس سڑک کی خوفناک شہرت میں اضافہ کرتے رہے ہیں۔
پراسرار کہانیوں میں گھری سڑک
رپورٹ کے مطابق کلنٹن روڈ کا جنگل کے ساتھ واقع تقریباً 10 میل طویل حصہ اندھیرا چھانے کے بعد زیادہ خوفناک محسوس ہوتا ہے۔
یہ سڑک امریکا کی آسیب زدہ سمجھی جانے والی سڑکوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں کئی دہائیوں سے پراسرار واقعات کی کہانیاں بیان کی جاتی رہی ہیں۔
بعض افراد نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اس علاقے میں ایسی پراسرار روشنیاں دیکھی ہیں جو اچانک نمودار ہوتی ہیں اور پھر غائب ہو جاتی ہیں۔ان کہانیوں نے کلنٹن روڈ کو مافوق الفطرت سرگرمیوں سے منسوب ایک مشہور مقام بنا دیا ہے، تاہم ان دعوؤں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
سڑک کی درجہ بندی کیسے کی گئی؟
رپورٹ کے مطابق کلنٹن روڈ کو سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک قرار دینے کے لیے محققین نے گوگل اور ٹک ٹاک پر تلاش کے رجحانات سے متعلق اعداد و شمار کا تجزیہ کیا۔
اس کے بعد حاصل ہونے والے نتائج کا موازنہ 2023 سے 2025 کے دوران شائع ہونے والی آسیب زدہ سڑکوں کی فہرستوں سے کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس تجزیے میں کلنٹن روڈ کو پہلے نمبر پر رکھا گیا۔
بھوتوں اور مافوق الفطرت واقعات کی حقیقت کے بارے میں بحث اپنی جگہ، تاہم کلنٹن روڈ سے وابستہ پراسرار کہانیاں آج بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔


