سات برس کی آئینہ دوسری جماعت کی طالبہ،صبح سکول، دوپہر میں مدرسہ اور شام چار بجے کے بعد محلے کے گراؤنڈ میں کرکٹ،یہ ان کا روزمرہ معمول ہے۔
وزیرستان کی ننھی فاسٹ بولر آئینہ وزیر:جس کے خوابوں کو سوشل میڈیا کلپ نے نئی اڑان دی pic.twitter.com/lHGU6jO9xL
— Urdu Report (@UrduReportpk) February 19, 2026
آئینہ وزیر سکول، مدرسہ اور پھر گراؤنڈ
خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ کے گاؤں شگہ میں انکھوں میں خواب سجائے آئینہ وزیر کچھ بڑا کرنے کے حوصلے سے آگے بڑھتی ہے۔
گاؤں میں کوئی اور بچی کرکٹ نہیں کھیلتی، اس لیے وہ لڑکوں کے ساتھ ہی میدان سنبھالتی ہیں۔ خاندان میں کسی نے انہیں یہ نہیں کہا کہ کرکٹ لڑکوں کا کھیل ہے۔
کرکٹ سے ان کا شوق تین سال کی عمر میں شروع ہوا، جب وہ موبائل پر میچز دیکھا کرتی تھیں۔ آج بھی وہ روزانہ ہائی لائٹس دیکھتی ہیں اور انہی کو دیکھ دیکھ کر اپنی بولنگ بہتر بنانے کی کوشش کرتی ہیں۔
وائرل ویڈیو اور نئی امید
چند روز قبل آئینہ کے کزن منظور اپنے دوست ظفران وزیر کے ساتھ ٹہل رہے تھے کہ آئینہ کی بولنگ دیکھ کر انہوں نے ایک مختصر ویڈیو بنا لی۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ ہوئی تو وائرل ہو گئی۔ لوگ ان کی رفتار اور انداز کی تعریف کرنے لگے۔
پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے آئینہ کو زلمی لیگ میں شامل کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔ منظور وزیر کے مطابق انہیں رابطہ کیا گیا ہے اور وہ امید رکھتے ہیں کہ آئینہ کو باقاعدہ موقع ملے گا۔
جب آئینہ کو بتایا گیا کہ انہیں دنیا بھر میں دیکھا جا رہا ہے تو وہ مسلسل پوچھتی رہیں: “مجھے اسلام آباد کب لے کر جا رہے ہیں؟ آپ جھوٹ تو نہیں بول رہے؟” ان کی آنکھوں میں پہلی بار گاؤں سے باہر کی دنیا کا خواب واضح دکھائی دیا۔
باپ کی یاد اور مضبوط حوصلہ
آئینہ کے والد عمر گل ایک نجی سکول میں استاد تھے، جو اب اس دنیا میں نہیں رہے۔
منظور کے مطابق ان کے والد گزشتہ برس مبینہ طور پر اغوا کیے گئے تھے۔ اس موضوع پر بات ہوتی ہے تو آئینہ جذباتی ہو جاتی ہیں، اس لیے گھر والے ان کے سامنے اس کا ذکر کم ہی کرتے ہیں۔
نسیم شاہ جیسی بولنگ کا خواب
آئینہ کہتی ہیں:
“شہہہ ڈیررررہ خوشحالہ” یعنی “میں بہت زیادہ خوش ہوں۔”
انہیں نسیم شاہ کی بولنگ بہت پسند ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ موقع ملا تو آگے ضرور کھیلیں گی، مگر پڑھائی بھی بہت ضروری ہے۔
ایک بار میچ ہارنے پر وہ رو پڑی تھیں اور کہنے لگیں کہ اب نہیں کھیلیں گی کیونکہ کپ ہار گئی ہوں۔ مگر سمجھانے پر اگلے ہی دن دوبارہ گراؤنڈ میں موجود تھیں۔ یہی جذبہ ان کی اصل طاقت ہے۔
محدود وسائل، بلند ارادے
وزیرستان کے اس دور افتادہ گاؤں میں سہولیات محدود ہیں، مگر ارادے مضبوط ہیں۔ گاؤں والے آئینہ کو سپورٹ کرتے ہیں اور وہ لڑکوں کے ساتھ مقامی ٹورنامنٹس میں بھی حصہ لیتی ہیں۔
شام ڈھلتی ہے تو مٹی کے گراؤنڈ پر ایک ننھی فاسٹ بولر اپنا رن اپ ناپتی ہے۔ اس کی دنیا ابھی گاؤں کی گلیوں، سکول کے صحن اور موبائل سکرین تک محدود ہے، مگر ایک وائرل کلپ نے اس کی سرحدیں وسیع کر دی ہیں۔
فی الحال منظور اگلے سفر کی تیاری میں ہیں۔ شاید اس بار وہ بازار ویڈیوز کاپی کرانے نہیں بلکہ آئینہ کے خوابوں کو ایک نئی منزل تک لے جانے نکلیں۔
یہ بھی پڑھئِے


