اردو رپورٹ ڈیسک
اسلام آباد: وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے سرکاری حج اسکیم 2027 کے عازمین کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج واجبات کی دوسری قسط جمع کروانے کا آغاز پیر 5 اکتوبر سے ہو گا۔
تاریخوں کا اعلان
ترجمان مذہبی امور کے مطابق سرکاری عازمین حج اپنی حج واجبات کی دوسری قسط 5 سے 20 اکتوبر تک جمع کرا سکتے ہیں۔ عازمین کو مقررہ تاریخ کے اندر دوسری قسط کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاک حج ایپ یا ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے ادائیگی
ترجمان نے بتایا کہ حج واجبات کی دوسری قسط بھی پاک حج ایپ یا ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے جمع ہو گی۔ سرکاری عازمین حج مقررہ طریقہ کار کے مطابق اپنی ادائیگی مکمل کریں۔
مقررہ تاریخ تک ادائیگی نہ ہونے پر درخواست منسوخ
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق مقررہ تاریخ تک حج واجبات جمع نہ کروانے کی صورت میں حج درخواست منسوخ تصور ہو گی۔ درخواست کی منسوخی کے بعد جمع شدہ رقم عازم حج کے اکاؤنٹ میں واپس بھجوا دی جائے گی۔
میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اپلوڈ کرنا لازمی
سرکاری عازمین حج کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ بھی دوسری قسط جمع کروانے سے قبل اپلوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ عازمین حج اپنا میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ پاک حج ایپ یا ڈیجیٹل حج پورٹل پر اپلوڈ کریں۔
مقررہ وقت میں ادائیگی
ترجمان نے سرکاری عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل حج واجبات کی دوسری قسط کی ادائیگی اور دیگر تمام مطلوبہ کارروائی مکمل کر لیں تاکہ حج درخواست سے متعلق کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


