اردوEnglish
ہفتہ, 17 اکتوبر 2026
  • Home  
  • سود سے پاک حج بچت منصوبے کی منظوری، قواعد دو ماہ میں تیار کرنے کی ہدایت
- دنیا

سود سے پاک حج بچت منصوبے کی منظوری، قواعد دو ماہ میں تیار کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی عازمین حج کے لیے سود سے پاک حج بچت منصوبے کی منظوری دے دی۔ منصوبے کے تحت ماہانہ بچت، ڈیجیٹل ذرائع سے رقم جمع کرانے اور بلا کٹوتی رقم نکلوانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اردو رپورٹ ڈیسک

اسلام آباد، 9 اکتوبر 2026: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی عازمین حج کی سہولت اور پیشگی مالی منصوبہ بندی کے لیے سود سے پاک حج بچت منصوبہ متعارف کرانے کی مشترکہ سمری منظور کر لی ہے۔

یہ تجویز وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، وزارت خزانہ اور قومی بچت نے مشترکہ طور پر پیش کی تھی۔ منظوری کے بعد تینوں اداروں نے اسلامی اصولوں کے مطابق مجوزہ منصوبے کی تیاری پر کام شروع کر دیا ہے۔

ماہانہ بچت اور ڈیجیٹل سہولیات

وزارت مذہبی امور میں جمعے کے روز وفاقی سیکرٹری ابرار احمد مرزا کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارت خزانہ، مرکزی قومی بچت اور حج ونگ کے نمائندہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ مجوزہ منصوبے کے تحت عازمین حج اپنے مقدس سفر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے باقاعدگی سے پیشگی رقم جمع کرا سکیں گے۔

منصوبے کے تحت ڈیجیٹل ذرائع سے ماہانہ بچت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ شرکا اپنی ضرورت اور ترجیح کے مطابق بچت کی مدت کا انتخاب بھی کر سکیں گے۔

مجوزہ سہولیات میں خاندان کے افراد کو رقم منتقل کرنے اور کسی بھی وقت بغیر کٹوتی اپنی جمع شدہ رقم واپس لینے کی سہولت بھی شامل ہوگی۔

حج اخراجات کے لیے پیشگی مالی منصوبہ بندی

سیکرٹری مذہبی امور کے مطابق حج بچت منصوبے کا بنیادی مقصد عازمین کو حج کے اخراجات کے لیے بروقت اور منظم مالی منصوبہ بندی کا موقع فراہم کرنا، بڑھتے ہوئے اخراجات کا مقابلہ کرنے میں مدد دینا اور مقدس سفر کی تیاری آسان بنانا ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منظور شدہ سمری کے مطابق منصوبے کے قواعد و ضوابط دو ماہ کے اندر تیار کیے جائیں۔

عمرہ اور مذہبی زیارات کے لیے بھی بچت اسکیمیں

سیکرٹری مذہبی امور نے ہدایت کی کہ حج بچت فنڈ کے ساتھ عمرہ بچت اسکیم اور مذہبی زیارات کے لیے بچت اسکیم کی گنجائش بھی رکھی جائے۔

مجوزہ ڈیجیٹل نظام کا مقصد مذہبی سفروں کے لیے مالی منصوبہ بندی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ یہ اقدام حج انتظامات کو ڈیجیٹل بنانے کے حکومتی منصوبے کا بھی حصہ ہوگا۔

منصوبے کی مزید تفصیلات بعد میں جاری ہوں گی

حج بچت منصوبے کے طریقہ کار، اہلیت، بچت کی مدت، ڈیجیٹل سہولیات اور دیگر شرائط سے متعلق تفصیلات مناسب وقت پر عوام کے لیے جاری کی جائیں گی۔

یہ منصوبہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، وزارت خزانہ اور مرکزی قومی بچت کے اشتراک سے تیار کیا جا رہا ہے۔

urdureport.com@2025. All Rights Reserved

Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!