اردوEnglish
ہفتہ, 17 اکتوبر 2026
  • Home  
  • بسنت سے پہلے لاہور میں چھتوں کے کرایوں میں نمایاں اضافہ
- سیاحت

بسنت سے پہلے لاہور میں چھتوں کے کرایوں میں نمایاں اضافہ

پنجاب حکومت کی جانب سے آئندہ سال بسنت کی تاریخوں کے اعلان کے بعد لاہور میں چھتوں کی طلب بڑھ گئی ہے اور بعض علاقوں میں پیشگی بکنگ کی رقم لاکھوں روپے تک پہنچ گئی ہے۔

اردو رپورٹ ڈیسک

پنجاب حکومت کی جانب سے آئندہ سال لاہور میں بسنت کے انعقاد کی تاریخوں کے اعلان کے بعد شہر میں چھتوں کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں پیشگی بکنگ کی رقم لاکھوں روپے تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً اندرون لاہور میں شہری بسنت منانے کے لیے ایسی چھتوں کی تلاش میں ہیں جہاں سے وہ میلے سے لطف اندوز ہوسکیں۔ بعض شہریوں کی جانب سے بھاری رقوم کے عوض چھتیں پہلے ہی بک کرانے جبکہ کچھ خاندانوں کے ممکنہ مقامات کا دورہ کرنے کی اطلاعات ہیں۔

چھتوں کی مرمت کا آغاز

بسنت کے دوران بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر چھتوں کے مالکان نے بھی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ بعض مالکان اپنی عمارتوں اور چھتوں پر موجود خراب حصوں کی مرمت کروا رہے ہیں تاکہ جشن کے دوران زیادہ لوگوں کو جگہ فراہم کی جاسکے۔

10 روزہ بسنت میلہ

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور میں 29 جنوری سے 7 فروری 2027 تک 10 روزہ بسنت میلے کی منظوری دی ہے۔

شیڈول کے مطابق 5 فروری کو یومِ کشمیر کے موقع پر ایک روز کا وقفہ ہوگا۔ نیا شیڈول پنجاب حکومت کی جانب سے پہلے تجویز کیے گئے 12 سے 14 مارچ 2027 کے تین روزہ بسنت میلے کی جگہ نافذ کیا گیا ہے۔

حفاظتی اقدامات کی ہدایت

مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ طویل دورانیے کے میلے کے لیے پہلے سے تیاریاں مکمل کی جائیں اور عوام کی حفاظت اور سہولت کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ نے شہریوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ بسنت ذمہ داری کے ساتھ منائیں اور حفاظتی ضوابط پر عمل کریں۔

urdureport.com@2025. All Rights Reserved

Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!