اردوEnglish
ہفتہ, 17 اکتوبر 2026
  • Home  
  • سرکاری حج سکیم کی دوسری قسط، 32 ہزار 178 عازمین ادائیگی مکمل کر چکے
- پاکستان

سرکاری حج سکیم کی دوسری قسط، 32 ہزار 178 عازمین ادائیگی مکمل کر چکے

سرکاری حج سکیم کے 32 ہزار 178 عازمین دوسری قسط جمع کرا چکے ہیں، جبکہ 20.5 ارب روپے وصول ہو گئے۔ ادائیگی کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر ہے۔

اردو رپورٹ ڈیسک

حج 2027 کے لیے سرکاری حج سکیم میں واجبات کی دوسری قسط کی وصولی جاری ہے اور اب تک 32 ہزار 178 عازمین حج دوسری قسط کی ادائیگی مکمل کر چکے ہیں۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق دوسری قسط کی مد میں اب تک 20.5 ارب روپے موصول ہو چکے ہیں، جبکہ ادائیگی کی حتمی تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔

گھر بیٹھے ادائیگی کا رجحان 57 فیصد سے زائد

ترجمان کے مطابق 17 ہزار عازمین نے ون لنک کے ذریعے گھر بیٹھے دوسری قسط کی ادائیگی مکمل کی، جبکہ 1,400 افراد نے بینک کارڈ اور 13 ہزار 800 عازمین نے مینول بینک چالان کے ذریعے واجبات جمع کرائے۔

ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی کا تناسب 57 فیصد سے تجاوز کر گیا ہے۔

ادائیگی کے طریقہ کار

وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج سکیم کے واجبات کی دوسری قسط نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل کے ذریعے ون لنک، کارڈ یا مینول بینک چالان کے ذریعے ادا کی جا سکتی ہے۔

میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی

سرکاری حج سکیم میں ایک لاکھ 3 ہزار عازمین حج اپنے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ایپ پر اپلوڈ کر چکے ہیں۔

وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ جو عازمین تاحال میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ جمع نہیں کرا سکے، انہیں حج پورٹل پر موجود میڈیکل فٹنس فارم ڈاکٹر سے تصدیق کرانا لازم ہے۔

پرائیویٹ حج سکیم میں 33 ہزار 171 عازمین کی بکنگ

دوسری جانب پاک حج ایپ کے ذریعے پرائیویٹ حج سکیم میں بکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ اب تک 33 ہزار 171 عازمین حج پرائیویٹ سکیم میں واجبات جمع کرا چکے ہیں۔

پرائیویٹ حج سکیم میں 38 ہزار 500 نشستیں تاحال دستیاب ہیں۔

ترجمان وزارت مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ پرائیویٹ حج سکیم میں بکنگ اور ادائیگی کے لیے صرف پاک حج ایپ یا حج پورٹل استعمال کیا جائے۔

urdureport.com@2025. All Rights Reserved

Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!