اردوEnglish
ہفتہ, 17 اکتوبر 2026
  • Home  
  • پنجاب میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی داخلہ پالیسی جاری، سالانہ فیس 50 ہزار روپے مقرر
- تعلیم

پنجاب میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی داخلہ پالیسی جاری، سالانہ فیس 50 ہزار روپے مقرر

پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں تعلیمی سیشن 2026-27 کے داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ سرکاری کالجز میں سالانہ ٹیوشن فیس 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

اردو رپورٹ ڈیسک

پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کی پالیسی جاری کر دی گئی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت داخلے کے لیے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) پاس کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

مرکزی داخلے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کرے گی

داخلہ پالیسی کے مطابق تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں مرکزی داخلوں کا عمل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) مکمل کرے گی۔ سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلے کے خواہش مند امیدواروں کو مقررہ شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

داخلے کے میرٹ کا طریقہ کار

داخلوں کے میرٹ میں ایم ڈی کیٹ کے نمبر 50 فیصد، ایف ایس سی کے نمبر 40 فیصد اور میٹرک کے نمبر 10 فیصد شمار کیے جائیں گے۔ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلے کے لیے ایف ایس سی میں کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کرنا بھی لازمی ہوگا۔

مضامین سے متعلق شرائط

داخلہ پالیسی کے تحت امیدواروں کے لیے بائیولوجی اور کیمسٹری پڑھنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ فزکس یا ریاضی میں سے کوئی ایک مضمون پاس کرنا ضروری ہوگا۔

سرکاری اور نجی کالجز کی ترجیحات

سرکاری میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کو تمام کالجز کی ترجیحات درج کرنا ہوں گی۔ دوسری جانب نجی میڈیکل کالجز میں ترجیحات کی تعداد پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔

فیس جمع کرانے کی آخری مدت

پالیسی کے مطابق منتخب امیدواروں کو میرٹ لسٹ جاری ہونے کے بعد تین کاروباری دنوں کے اندر فیس جمع کرانا ہوگی۔

سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں اوپن میرٹ پر داخلہ لینے والے طلبہ کے لیے سالانہ ٹیوشن فیس 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

urdureport.com@2025. All Rights Reserved

Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!