اردوEnglish
ہفتہ, 17 اکتوبر 2026
  • Home  
  • سلمان خان نے یوٹیوب چینل کھول لیا کیا کیا گر سکھایں گے؟
- انٹرٹینمنٹ

سلمان خان نے یوٹیوب چینل کھول لیا کیا کیا گر سکھایں گے؟

بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے مداحوں سے براہِ راست رابطے اور اپنی اداکاری کے تجربات شیئر کرنے کے لیے نیا یوٹیوب چینل شروع کر دیا ہے۔ چینل پر وہ مکالموں کی ادائیگی، جسمانی حرکات اور شخصیت سازی کے طریقے دلچسپ انداز میں پیش کریں گے۔

اردو رپورٹ ڈیسک

بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے مداحوں سے رابطہ مضبوط بنانے کے لیے اپنا نیا یوٹیوب چینل ’’بینگ دی سلمان خان‘‘ متعارف کرا دیا ہے۔ اس چینل پر وہ اپنی اداکاری کے تجربات، گفتگو کے انداز اور جسمانی حرکات سے متعلق معلومات تفریحی اور سبق آموز انداز میں پیش کریں گے۔

سلمان خان نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر چینل کا لنک شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اسے دیکھنے کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بالکل ابتدا سے آغاز کر رہے ہیں اور اس سرکاری چینل پر ہر موضوع سے متعلق مکمل معلومات فراہم کی جائیں گی۔

اداکاری سکھانے کا منفرد انداز

عام فنکاروں کے یوٹیوب چینلز پر زیادہ تر نجی زندگی یا فلموں کی عکس بندی کے دوران کے مناظر دکھائے جاتے ہیں، لیکن سلمان خان کے نئے چینل کا انداز مختلف ہے۔ اس پر اداکاری اور شخصیت سازی کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔

ویڈیوز میں سلمان خان دو مختلف کرداروں میں نظر آتے ہیں۔ ایک کردار میں وہ تجربہ کار اداکاری اور شخصیت سازی کے تربیت کار بنتے ہیں، جبکہ دوسرے کردار میں ایک نئے سیکھنے والے طالب علم کا روپ دھارتے ہیں۔

ان کرداروں کے ذریعے وہ اپنے مخصوص انداز، مکالموں کی ادائیگی اور جسمانی حرکات کی مشقیں پیش کرتے ہیں، جس سے سیکھنے کا عمل دلچسپ بن جاتا ہے۔

چینل کب شروع کیا گیا؟

سلمان خان نے یہ یوٹیوب چینل 22 ستمبر کو بنایا تھا اور اب تک اس پر دس مختصر ویڈیوز اپ لوڈ کی جا چکی ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ سلمان خان نے یوٹیوب پر اپنا چینل شروع کیا ہو۔ اس سے قبل 2020 میں انہوں نے ’’سلمان خان فلمز میوزک‘‘ کے نام سے موسیقی کا چینل متعارف کرایا تھا، جس کے سبسکرائبرز کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ اس چینل پر ان کی فلموں کے گانے اور ان کی آواز میں گائے گئے گیت بھی جاری کیے گئے۔

گلوکاری کے میدان میں بھی قسمت آزمائی

    کورونا وائرس کی وبا کے دوران سلمان خان نے گلوکاری کے شعبے میں بھی قدم رکھا تھا۔ اس عرصے میں انہوں نے ’’پیار کرونا‘‘ اور ’’تیرے بنا‘‘ جیسے گانے جاری کیے۔

    نئے یوٹیوب چینل کے ذریعے اداکار اپنی شخصیت کا ایک مختلف رخ سامنے لانے اور مداحوں کو اپنی اداکاری اور اظہار کے انداز سے روشناس کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    یوٹیوب پر فنکاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی

    یوٹیوب بالی ووڈ، جنوبی بھارتی فلمی صنعت اور ٹیلی وژن سے وابستہ شخصیات کے لیے مداحوں سے براہِ راست رابطے کا اہم ذریعہ بنتا جا رہا ہے۔

    اس پلیٹ فارم پر عالیہ بھٹ، پریانکا چوپڑا جوناس، کارتک آریان، نورا فتیحی، جیکولین فرنینڈس، ورون دھون، شلپا شیٹی اور فرح خان سمیت کئی معروف شخصیات موجود ہیں۔

    جنوبی بھارتی فلمی صنعت کے اداکار الو ارجن اور موہن لال بھی اپنے سرکاری یوٹیوب چینلز چلا رہے ہیں۔ اسی طرح ٹیلی وژن کی شخصیات دیپیکا ککڑ، شعیب ابراہیم، جنت زبیر اور انوشکا سین اپنی روزمرہ زندگی، سفر اور ذاتی تجربات سے متعلق ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔

    سلمان خان کے آئندہ منصوبے

    یوٹیوب پر نئی سرگرمیوں کے ساتھ سلمان خان ان دنوں مقبول ٹیلی وژن شو ’’بگ باس سیزن 20‘‘ کی میزبانی بھی کر رہے ہیں۔

    فلمی محاذ پر وہ ہدایت کار اپوروا لاکھیا کی آنے والی فلم ’’ماتر بھومی‘‘ میں نظر آئیں گے۔ اس فلم کا ابتدائی نام ’’بیٹل آف گلوان‘‘ تھا، جبکہ چترانگدا سنگھ بھی اس کی کاسٹ میں شامل ہیں۔

    فلم کی ریلیز میں تاخیر ہو چکی ہے اور تاحال نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

    urdureport.com@2025. All Rights Reserved

    Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!