اردو رپورٹ ڈیسک
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ اگر اپنی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ناسمجھی ہے تو وہ یہ ناسمجھی بار بار کریں گے، جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے کسی کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔
کرک میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان اس وقت عوام کے لیے جیل میں صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں اور وہ حقیقی آزادی کی جنگ آخری دم تک لڑیں گے۔
لانگ مارچ کوہاٹ کی جانب روانہ ہوگا
سہیل آفریدی نے کہا کہ لانگ مارچ کے دوسرے دن کا آغاز ہو گیا ہے اور شرکاء کوہاٹ کی جانب روانہ ہوں گے۔
اپنے خلاف ہونے والی تنقید کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’اگر اپنی عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ناسمجھی ہے تو میں یہ ناسمجھی بار بار کروں گا۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اگر ملک سے محبت کو ناسمجھی قرار دیا جاتا ہے تو وہ ایسی نام نہاد سمجھداری کو مسترد کرتے ہیں۔
ریاستی اداروں کی کارکردگی پر تنقید
سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ بعض ادارے اپنی ذمہ داریاں انجام نہیں دے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتیں انصاف فراہم نہیں کر رہیں جبکہ پولیس ذاتی نوکر بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے فوج کے کردار پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فوج ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے علاوہ دیگر امور بھی انجام دے رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ملک کے لیے جانیں قربان کرنے والے فوجی جوان قوم کے وجود کا اٹوٹ حصہ ہیں، تاہم وہ ہر ایسی پالیسی کے خلاف ہیں جو عوام کے مفاد میں نہ ہو۔
خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال پر تشویش
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ پورے ملک میں فرسودہ نظام کے خلاف عوام میں شدید نفرت دیکھ رہے ہیں اور حکومت کو ان کے جمہوری مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ دہشت گردوں کو دوبارہ آباد نہ کیا جائے، ورنہ خیبرپختونخوا ایک بار پھر لہولہان ہوگا۔
سہیل آفریدی کے مطابق موجودہ صورتحال میں ایک بار پھر خیبرپختونخوا حکومت پر فوجی آپریشن کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
دہشت گردی کے دوبارہ مسلط ہونے کا خدشہ
سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا میں دوبارہ دہشت گردی مسلط کرنا ایک سوچا سمجھا منصوبہ ہے، جس کے نتیجے میں خونریزی، لوگوں کی بے دخلی، کاروباری مراکز کی تباہی اور ڈرون حملے ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان اقدامات کا مقصد فوجی آپریشن کی راہ ہموار کرنا ہے۔
’’طاقتوروں کو بھی ایبسلوٹلی ناٹ کہہ دیا‘‘
اپنے سیاسی مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ عمران خان کے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بانی پی ٹی آئی نے امریکہ کو ’’ایبسلوٹلی ناٹ‘‘ کہا تھا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ انہوں نے بھی اسی طرح طاقتوروں کو ’’ایبسلوٹلی ناٹ‘‘ کہہ دیا ہے۔


