چیف آف ڈیفنس فورسرز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتار اور شدید ہو گا۔
تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضروری ہے ہم ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے متحد نظام کے تحت مزید بہتر کریں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں بنیادی تبدیلی تاریخی ہے، بڑھتے اور بدلتے خطرات کے پیشِ نظر ایسا کرنا ضروری ہے،ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام اس تبدیلی کی جانب ایک ضروری قدم ہے، ہر سروس اپنی آپریشنل تیاریوں کے لیے اپنی انفرادیت برقرار رکھے گی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ طالبان رجیم کو واضح پیغام دیا گیا، طالبان کے پاس خوارج یا پاکستان میں سے کسی ایک کے انتخاب کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیفنس فورسز کا ہیڈ کوارٹر سروسز کے آپریشن کو مربوط اور ہم آہنگ کرے گا، بالا کمانڈ کی یکجہتی کے ساتھ تینوں افواج اپنی اندرونی خودمختاری اور تنظیمی ڈھانچہ برقرار رکھیں گی۔
یہ بھی پڑھئیے
پاکستان میں فیصلے کرنے کا اختیار کسی ایک فرد یا انتظامیہ کے پاس نہیں ہے،افغانستان – urdureport.com
انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت پر آنچ اور ہمارے عزم کو آزمانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی حفاظت ایمان سے سرشار جانبازوں اور متحد قوم کے پختہ عزم نے کر رکھی ہے۔

