لاہور ہائیکورٹ نے جوئے کی ایپلیکیشنز کی پروموشن بارے کیس کی سماعت کرتے ہوئے یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی ہے۔
جسٹس شہرام سرور چوہدری نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔ سماعت کے دوران جسٹس شہرام سرور نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ایسے نوعیت کے کیسز میں ضمانت نہ ہونا غیر معمولی بات ہے۔
عدالت نے مقدمے کے فریقین کے وکلاء کو آئندہ سماعت پر دلائل کے لیے بھی طلب کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ یوٹیوبر ڈکی بھائی نے ضمانت پر رہائی کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
قبل ازیںسوشل میڈیا پر جوئے کی ترغیب دینے اور فحش مواد اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں 4 دن کی توسیع کردی گئی۔
ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے کئی غیر رجسٹرڈ جوا ایپلیکیشنز کی تشہیر کی، جس سے عوام کو مالی نقصانات اٹھانے پڑے۔
یہ بھی پڑھئیے
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم کے موبائل فون سے واٹس ایپ چیٹس اور ادائیگیوں کے ثبوت ملے ہیں، جو ان کے جوا ایپلی کیشنز کے ساتھ تعلقات کو ظاہر کرتے ہیں۔
تفتیش کاروں نے دعویٰ کیا کہ ڈکی بھائی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی اجازت کے بغیر ہی ایک جوا ایپلی کیشن کے لیے ’کنٹری مینیجر‘ کے طور پر کام کر رہے تھے۔

