ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی Lionel Messiنے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایک اور منفرد اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے عالمی فٹبال کی تاریخ میں نئی مثال قائم کر دی۔ انہوں نے اردن کے خلاف گول کر کے ورلڈ کپ کے مسلسل سات میچوں میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
گروپ مرحلے کے آخری مقابلے میں میسی نے ابتدا میں میدان میں جگہ نہیں بنائی کیونکہ ارجنٹائن پہلے ہی اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکا تھا۔ تاہم دوسرے ہاف میں متبادل کھلاڑی کے طور پر انٹری کے بعد انہوں نے 80ویں منٹ میں شاندار فری کک کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر ایک اور تاریخی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
اس گول کے بعد میسی کے ورلڈ کپ میں مجموعی گولز کی تعداد 19 ہو گئی، جس کے ساتھ انہوں نے مردوں کے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کے طور پر اپنی برتری مزید مستحکم کر دی۔
میسی نے کونسا ریکارڈ توڑا؟
اس سے قبل فرانس کے جسٹ فونٹین اور برازیل کے جائیرزینہو مسلسل چھ ورلڈ کپ میچوں میں گول کرنے کا ریکارڈ رکھتے تھے، تاہم میسی نے ساتویں مسلسل میچ میں بھی گول کر کے یہ اعزاز اپنے نام کر لیا۔
یہ ان کے کیریئر کا فری کک پر 72واں جبکہ ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے لیے 12واں فری کک گول بھی تھا۔ میسی اب تک بین الاقوامی فٹبال میں 202 میچ کھیل کر 123 گول اسکور کر چکے ہیں۔
مذید خبریں
میسی نے ورلڈ کپ میں تاریخ رقم کر دی، ارجنٹینا آخری 32 ٹیموں میں – urdureport.com
میسی کی ہیٹ ٹرک،کون عظم کھلاڑی بحث ختم؟ – urdureport.com
میچ میں ارجنٹائن نے اردن کو 1-3 سے شکست دے کر گروپ مرحلے کا کامیاب اختتام کیا۔ ارجنٹائن کی جانب سے دیگر گولز جیوانی لو سیلسو اور لاؤتارو مارٹینز نے اسکور کیے، جبکہ میسی کی میدان میں آمد پر 70 ہزار سے زائد شائقین نے کھڑے ہو کر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔


