ارجنٹینا کے سپر اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے آسٹریا کے خلاف دو گول کر کے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کر لیا، جبکہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے حریف ٹیم کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے آخری 32 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
بدھ کو 39 برس کے ہونے والے میسی نے میچ میں اپنے ورلڈ کپ کیریئر کے 17ویں اور 18ویں گول اسکور کیے، جس کے بعد وہ جرمنی کے سابق اسٹرائیکر میروسلاو کلوزے کے 16 گولوں کے ریکارڈ سے دو گول آگے نکل گئے۔ کلوزے نے 2002 سے 2014 کے درمیان یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
گروپ جے کے اس میچ میں، جو ڈلاس میں کھیلا گیا، میسی نے 38ویں منٹ میں پہلا گول اسکور کیا۔ تھیاغو المادا کی عمدہ موومنٹ اور فاکونڈو میڈینا کے کراس کے بعد میسی نے پنالٹی ایریا کے اندر سے شاندار شاٹ لگا کر گیند جال میں پہنچا دی۔
میسی نے دوسرا گول دوسرے ہاف کے اضافی وقت میں کیا، جب انہوں نے تنگ زاویے سے شاٹ کھیلتے ہوئے دو آسٹرین مدافعین کے درمیان سے گیند گول میں داغ دی۔
تاہم میسی اس تاریخی ریکارڈ کو میچ کے آغاز میں ہی توڑ سکتے تھے، لیکن آٹھویں منٹ میں ملنے والی پنالٹی وہ ضائع کر بیٹھے۔ آسٹریا کے دفاعی کھلاڑی اسٹیفن پوش کی فاؤل کے بعد ارجنٹینا کو پنالٹی ملی تھی، مگر میسی کا شاٹ گول پوسٹ کے باہر چلا گیا۔
اس ناکامی کے باوجود میسی نے اپنی کلاس کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے اور ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا۔
ورلڈ کپ کے ٹاپ سکورر
میسی اب 2026 ورلڈ کپ میں بھی سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے پہلے میچ میں الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک سمیت صرف دو میچوں میں پانچ گول اسکور کر لیے ہیں۔
میچ کے دوران آسٹریا کو برابری کا موقع بھی ملا، لیکن ارجنٹینا کے گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز نے مارسل زابٹزر کی طاقتور فری کک شاندار انداز میں روک دی۔ زابٹزر اپنا 100واں بین الاقوامی میچ کھیل رہے تھے۔
اس فتح کے بعد ارجنٹینا چھ پوائنٹس کے ساتھ آخری 32 مرحلے میں پہنچ گیا اور میکسیکو، امریکا اور جرمنی کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں شامل ہو گیا۔ اگر اردن اپنے اگلے میچ میں الجزائر کو شکست نہ دے سکا تو ارجنٹینا گروپ جے کا فاتح بھی قرار پائے گا۔
دوسری جانب آسٹریا، جو سابق مانچسٹر یونائیٹڈ کوچ رالف رانگنک کی زیرِ قیادت کھیل رہا ہے، تین پوائنٹس کے ساتھ اب بھی اگلے مرحلے میں رسائی کی دوڑ میں شامل ہے۔


