اردو رپورٹ ڈیسک
پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں چین کے خلائی جہاز شینژو 24 کے لیے روانگی سے قبل مشق کامیابی سے مکمل کرلی گئی ہے۔ اس تاریخی مشن میں پاکستان کا پہلا خلا باز بھی بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ شامل ہوگا۔
چین میں روانگی سے قبل مشق مکمل
ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ مشق شمال مغربی چین میں واقع جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں کی گئی، جس میں تینوں خلا بازوں نے پرواز سے قبل تمام عملی مراحل کامیابی سے مکمل کیے۔
چین کے خلاباز تحقیق و تربیتی مرکز کے عہدیدار ژو لو نے کہا کہ عملے نے مشق کے دوران عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور انہیں سونپی گئی تمام ذمہ داریاں درست انداز میں انجام دیں۔
پاکستانی خلا باز بھی مشن کا حصہ ہوگا
چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی نے 7 نومبر کو اعلان کیا تھا کہ پاکستان کا ایک خلا باز چین کے شینژو 24 انسان بردار خلائی مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ شرکت کرے گا۔
یہ چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کی تاریخ میں پہلا مشترکہ مشن ہوگا جس میں چینی اور غیر ملکی خلا باز ایک ساتھ خلائی سفر کریں گے۔ اسے دونوں ممالک کے خلائی تعاون میں اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
گوادر پرو کے مطابق پاکستانی خلا باز مختصر وقت کے لیے مدار میں قیام کرے گا اور بعد ازاں شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئے گا۔
پاکستانی خلا بازوں کا انتخاب اور تربیت
پاکستان اور چین نے فروری 2025 میں اسلام آباد میں ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت چین کے خلائی اسٹیشن کے مشنز کے لیے پاکستانی خلا بازوں کے انتخاب اور تربیت میں تعاون طے پایا تھا۔
انتخاب اور جائزے کے تین مراحل مکمل ہونے کے بعد محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو متبادل خلا بازوں کے طور پر منتخب کیا گیا۔ دونوں امیدوار بعد ازاں مشن کی تیاری کے لیے چین کے خلا بازوں کے تربیتی پروگرام میں شامل ہوگئے۔

