اردو رپورٹ ڈیسک
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ لاہور میں ٹریک لیس الیکٹرک ٹرام آئندہ ہفتے سڑکوں پر چلنا شروع ہوجائے گی۔
انہوں نے 25 نومبر 2026 کو اپنے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر اس منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے اسے پنجاب میں جدید اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
ماحولیاتی خدشات کے باعث روٹ میں تبدیلی
منصوبے کے ابتدائی خاکے کے مطابق ٹرام کے لیے تقریباً 27 کلومیٹر طویل روٹ تجویز کیا گیا تھا، جو کینال روڈ پر ٹھوکر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک ہونا تھا۔
تاہم درختوں کی ممکنہ کٹائی سمیت ماحولیاتی خدشات کے باعث کینال روڈ کو منصوبے سے خارج کردیا گیا۔
تکنیکی مسائل اور فنڈز کی دستیابی میں مشکلات بھی منصوبے میں تاخیر اور روٹ کی تبدیلی کی وجوہات بنیں۔ مریم نواز نے اپنے تازہ اعلان میں متبادل روٹ کی تفصیلات نہیں بتائیں۔
چین سے درآمد، پاکستان میں اسمبلنگ
ٹریک لیس الیکٹرک ٹرام چین سے درآمد کی گئی ہے اور اس کی اسمبلنگ مقامی سطح پر کی گئی ہے۔ سروس کے آغاز سے قبل سڑکوں پر اس کی آزمائشی ڈرائیونگ اور خصوصی ٹائروں کی تنصیب سمیت مختلف تیاریاں کی گئی ہیں۔
بیٹری سے چلنے والی اس ٹرام کو آٹونومس ریپڈ ٹرانزٹ (ART) یا SART بھی کہا جاتا ہے۔ یہ روایتی ریلوے پٹریوں کے بجائے ربڑ کے ٹائروں پر چلتی ہے۔
اس میں نصب جدید سینسرز اور کیمرے بغیر پٹری کے عام سڑکوں پر ٹرام کی رہنمائی کرتے ہیں۔
ایک وقت میں 300 مسافروں کی گنجائش
ٹرام تین باہم منسلک حصوں پر مشتمل ہے اور اس میں تقریباً 250 سے 300 مسافروں کے سفر کرنے کی گنجائش ہے۔
اطلاعات کے مطابق تقریباً 10 منٹ کی تیز رفتار چارجنگ کے بعد یہ 25 سے 27 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔
ابتدائی آزمائش میں مفت سفر
ٹرام سروس کی ابتدائی آزمائش کے دوران مسافروں کو مفت سفر کی سہولت فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔
اس سے قبل باقاعدہ سروس شروع ہونے پر ٹکٹ کی ممکنہ قیمت 20 سے 30 روپے کے درمیان بتائی گئی تھی۔

