فٹبال کی دنیا اتوار کو ایک ایسے تاریخی لمحے کی گواہ بننے جا رہی ہے جب ارجنٹینا کے لیونل میسی اور سپین کے لامین یمال پہلی بار ورلڈ کپ کے فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کی یہ پہلی ملاقات نہیں بلکہ ان کا رشتہ تقریباً دو دہائیاں پرانا ہے۔
سن 2007 میں، جب لیونل میسی صرف 20 سال کے ابھرتے ہوئے اسٹار تھے اور بارسلونا کی پہلی ٹیم میں اپنی جگہ بنا رہے تھے، اسی دوران پانچ ماہ کے ننھے لامین یمال ان کی گود میں تھے۔ یہ ملاقات بارسلونا کے کیمپ نو اسٹیڈیم میں ایک خصوصی فوٹو شوٹ کے دوران ہوئی، جہاں میسی نے نہ صرف یمال کو گود میں اٹھایا بلکہ انہیں نہلاتے ہوئے بھی تصاویر بنوائیں۔

دو لیجنڈز کا آغاز
یہ تصاویر کاتالان فوٹوگرافر جوان مونفرٹ نے کھینچی تھیں، تاہم انہیں اس وقت یہ معلوم نہیں تھا کہ ان تصاویر میں موجود بچہ مستقبل کا عالمی فٹبال اسٹار بن جائے گا۔ 2024 میں یورو کپ کے دوران جب یمال کے والد نے یہ تصاویر دوبارہ سوشل میڈیا پر شیئر کیں تو یہ دنیا بھر میں وائرل ہوگئیں اور انہیں "دو لیجنڈز کا آغاز” قرار دیا گیا۔
مونفرٹ کے مطابق میسی اس وقت نہایت شرمیلے اور خاموش مزاج تھے اور انہیں سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ ننھے بچے کے ساتھ تصاویر کیسے بنوائیں، لیکن انہوں نے جلد ہی خود کو اس صورتحال سے ہم آہنگ کر لیا اور پیشہ ورانہ انداز میں فوٹو شوٹ مکمل کیا۔
لامین یمال کے والد مراکش جبکہ والدہ استوائی گنی سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کا خاندان کاتالونیا میں آباد ہوا، جہاں ایک مقامی اخبار اور یونیسیف کی مشترکہ مہم کے تحت قرعہ اندازی میں کامیابی کے بعد انہیں بارسلونا کے ایک کھلاڑی کے ساتھ فوٹو شوٹ کا موقع ملا، اور قسمت نے ان کی جوڑی لیونل میسی کے ساتھ بنا دی۔
Image source,Joan MonfortImage
تبدیل ہوتا ہوا منظر
آج تقریباً 19 برس بعد منظر مکمل طور پر بدل چکا ہے۔ 39 سالہ لیونل میسی اپنے شاندار کیریئر میں ایک اور ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کے لیے میدان میں اتریں گے، جبکہ 19 سالہ لامین یمال سپین کو پہلی مرتبہ عالمی چیمپیئن بنانے کے خواب کے ساتھ فائنل کھیلیں گے۔
اعداد و شمار بھی دونوں کے غیرمعمولی سفر کی عکاسی کرتے ہیں۔ 19 برس کی عمر تک میسی اپنے کیریئر میں 11 گول کر چکے تھے اور لا لیگا اور چیمپیئنز لیگ کا ایک ایک ٹائٹل جیت چکے تھے، جبکہ لامین یمال اسی عمر میں 56 گول، تین لا لیگا ٹائٹلز، ایک کوپا ڈیل رے اور یورو 2024 اپنے نام کر چکے ہیں۔
لامین یامین کے سجدے
، سپین اور بارسلونا کے اسٹار فٹبالر لامین یمال (Lamine Yamal) مسلمان ہیں۔ ان کے والد مراکش سے تعلق رکھتے ہیں اور اسلامی پس منظر رکھتے ہیں، وہ گول کرنے کے بعد اکثر سجدۂ شکر کرتے ہیں اور رمضان المبارک میں روزے رکھنے کے بارے میں بھی بات کر چکے ہیں، جسے ان کے مذہبی عقیدے کا اظہار سمجھا جاتا ہے۔
میسی کی منتقلی
میسی 2021 میں بارسلونا چھوڑ کر پیرس سینٹ جرمین منتقل ہوئے، جبکہ یمال نے ان کے جانے کے بعد بارسلونا کی نوجوان ٹیم سے ترقی کرتے ہوئے 2025 میں کلب کی تاریخی نمبر 10 شرٹ بھی سنبھال لی۔
مذید خبریں
میسی نے ورلڈ کپ میں تاریخ رقم کر دی، مسلسل 7 میچوں میں گول کرنے فٹبالر – urdureport.com
فیفا ورلڈ کپ 2026: اسپین فرانس کو شکست دے کر 16 سال بعد فائنل میں پہنچ گیا – urdureport.com
لامین یمال نے کئی مواقع پر کہا ہے کہ ان کی کامیابی کے پیچھے ان کے والدین کی قربانیاں ہیں، جنہوں نے مالی مشکلات کے باوجود انہیں فٹبال کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔ وہ اپنے گول کا جشن اکثر "403” کے اشارے سے مناتے ہیں، جو ان کے آبائی علاقے روکافوندا کے پوسٹل کوڈ کی علامت ہے۔
فوٹوگرافر جوان مونفرٹ کا کہنا ہے کہ تقریباً 20 سال پہلے لی گئی ایک تصویر کا انجام ورلڈ کپ کے فائنل میں دونوں کھلاڑیوں کی آمنے سامنے موجودگی کی صورت میں دیکھنا کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔ ان کے بقول ایک طرف وہ چاہتے ہیں کہ میسی اپنے شاندار کیریئر کا اختتام ایک اور ورلڈ کپ جیت کر کریں، جبکہ دوسری جانب لامین یمال کی غیرمعمولی صلاحیت بھی انہیں متاثر کرتی ہے، اسی لیے ان کا دل دونوں ٹیموں کے درمیان تقسیم ہو چکا ہے۔


