مری: پنجاب حکومت نے مری آنے والے سیاحوں اور مقامی شہریوں کے لیے ماحول دوست گرین الیکٹرک بس سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ٹریفک کے دباؤ میں کمی، عوام کو سستی اور محفوظ سفری سہولت فراہم کرنا اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق الیکٹرک بس سروس کا کرایہ صرف 30 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ خواتین، پانچ سال سے کم عمر بچوں اور بزرگ شہریوں کے لیے سفر مفت ہوگا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بس سروس ہفتے کے ساتوں دن صبح 6 بجے سے رات 9 بجے تک دستیاب رہے گی اور ہر 45 منٹ بعد اپنی مقررہ منزل سے روانہ ہوگی تاکہ مسافروں کو کم سے کم انتظار کرنا پڑے۔
گرین بس کا روٹ
حکام کے مطابق بس سروس کا روٹ سترہ میل سے شروع ہو کر مری بس اسٹینڈ (لاری اڈہ) تک ہوگا۔ اس دوران پھلگراں، سولگٹھاں، مانگا، ساملی، بستال موڑ، اپر ساملی، کھجوت زیارت، ٹی ڈی سی پی ہوٹل، لاکوٹ، اعوان، ملاچ، ماسیاری، آلوچہ موڑ، بڑا ہوٹل سائن بورڈ، لوئر ٹوپہ، نیو مری روڈ، اپر ٹوپہ اور جھیکا گلی سمیت 20 سرکاری اسٹاپس پر بس رکے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے سے مری میں ٹریفک جام کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ سیاح اپنی گاڑیاں سترہ میل، لوئر ٹوپہ یا دیگر پارکنگ مقامات پر کھڑی کر کے کم کرائے میں مال روڈ اور دیگر سیاحتی مقامات تک آسانی سے پہنچ سکیں گے۔
مذید خبریں
راولپنڈی پولیس کا ہنی ٹریپ گینگ، مقدمہ درج – urdureport.com
ساؤتھ ایئر : پاکستان میں پھر اے ٹی آر طیاروں کے ساتھ ایک ائیرلائن کا آغاز – urdureport.com
حکام کا کہنا ہے کہ تمام الیکٹرک بسیں جدید ایئرکنڈیشنڈ سہولیات سے آراستہ ہیں اور ماحول دوست ٹیکنالوجی پر چلتی ہیں، جس سے ایندھن کی بچت کے ساتھ فضائی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ منصوبہ کامیاب ثابت ہوا تو پنجاب کے دیگر سیاحتی مقامات پر بھی اسی طرز کی الیکٹرک بس سروس متعارف کرانے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔


