اردو رپورٹ ڈیسک
راولپنڈی کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو جی ایچ کیو پر حملے کے مقدمے میں 47 اشتہاری ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے مقدمے کا ٹرائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ جاری کیا، جس میں تمام 47 مجرمان کو قید کی سزا کے ساتھ ان کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔
مرکزئی ملزمان قرار
انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ ملزمان 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی اور سازش میں ملوث پائے گئے۔ فیصلے کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے بھی ان افراد کو 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی میں مرکزی ملزمان قرار دیا تھا۔
سزا پانے والوں میں عمر ایوب، علی امین گنڈاپور، مراد سعید، زرتاج گل، شیخ راشد، زلفی بخاری، شاندانہ گلزار، شہباز گل، حماد اظہر، اعظم سواتی، احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، رائے مرتضیٰ، شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرا، اعجاز خان جازی، شبلی فراز اور کنول شوزب سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
الگ الگ ٹرائل
استغاثہ کے مطابق مقدمے میں گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے اور ملزمان کے خلاف الگ الگ ٹرائل مکمل کیا گیا۔
عدالت کے مطابق ملزمان پر جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پر حملوں، جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور اہم سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچانے کے الزامات تھے۔
مقدمے میں مجموعی طور پر 118 ملزمان شامل تھے، جن میں سے بعض کو دورانِ ٹرائل اشتہاری قرار دیا گیا جبکہ متعدد ملزمان مقدمہ درج ہونے کے بعد عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
عدالت کے فیصلے کے بعد 9 مئی سے متعلق مقدمات میں سیاسی رہنماؤں اور دیگر افراد کے خلاف قانونی کارروائی ایک بار پھر اہم موضوع بن گئی ہے۔
متعلقہ خبریں
نو مئی کیس،پی ٹی آئی کے تین رہنماوں کو دس دس سال قید کی سزائیں ،شاہ محمود قریشی بری – urdureport.com
نو مئی واقعات میں عمران خان،شاہ محمود قریشی سمیت دیگر کے نام ای سی ایل میں شامل – urdureport.com


