اردو رپورٹ ڈیسک
پاکستانی شوبز کے معروف اداکار ماہرہ خان اور وہاج علی پہلی بار ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے۔ دونوں کی آنے والی ڈرامہ سیریز ’مٹی دے باوے‘ کا ٹریلر گرین انٹرٹینمنٹ کی جانب سے جاری کردیا گیا ہے۔
ڈرامے کی کہانی
ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ ڈرامے کی کہانی محبت، دشمنی، انتقام اور ایکشن کے گرد گھومتی ہے، جہاں محبت کرنے والے کردار وقت کے ساتھ ایک دوسرے کے مخالف بن جاتے ہیں۔
ماہرہ خان ڈرامے میں بِلو کا کردار ادا کر رہی ہیں، جو ابتدا میں ایک محبت کرنے والی نوجوان لڑکی دکھائی دیتی ہیں، تاہم بعد میں ایک سخت مزاج روحانی رہنما بن جاتی ہیں۔ وہاج علی بالا کے کردار میں نظر آئیں گے، جو بِلو کی جوانی کی محبت ہوتے ہیں اور ایک عرصے تک جیل میں رہنے کے بعد واپس آتے ہیں۔
ٹریلر کے مطابق بِلو کو 1998 میں 19 سالہ لڑکی کے طور پر دکھایا گیا ہے، جو بالا سے محبت کرنے لگتی ہے۔ بالا کے خاندان کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ان پر ایسی بددعا ہے کہ ان کے خاندان میں کسی کو بھی دیرپا محبت نصیب نہیں ہوتی۔
بالا کو جیل
بعد ازاں بالا ایک نامعلوم جرم کے باعث جیل چلے جاتے ہیں، جبکہ بِلو وقت گزرنے کے ساتھ ایک روحانی رہنما کے طور پر اپنے عقیدت مندوں کا گروہ بنا لیتی ہیں۔
کہانی 2002 میں آگے بڑھتی ہے، جب بالا جیل سے رہا ہو کر واپس آتے ہیں۔ ٹریلر میں وہ ایک سخت اور خطرناک شخص کے روپ میں دکھائی دیتے ہیں، جو اسلحہ چلانے میں بھی ماہر نظر آتے ہیں۔
ایک منظر میں انہیں لوگوں پر فائرنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ ایک اور منظر میں وہ پیٹھ پر گولی لگنے کے بعد زخمی دکھائی دیتے ہیں۔
دوسری جانب بِلو اپنے سابقہ محبوب سے بظاہر شدید بیزار ہوچکی ہیں۔ ٹریلر میں ان کا کہنا ہے کہ اب وہ ’بڑی سرکار‘ ہیں اور انہیں صرف اپنے برابر کا مرد ہی پسند آئے گا۔
کہانی میں دلچسپ موڑ
بالا اور بِلو کی دوبارہ ملاقات کے بعد کہانی ایک دلچسپ موڑ اختیار کرتی دکھائی دیتی ہے۔ ٹریلر سے یہ تاثر ملتا ہے کہ ڈرامہ محبت سے دشمنی اور پھر دوبارہ محبت کی طرف بڑھنے والی کہانی پیش کرسکتا ہے، تاہم اصل پلاٹ کے بارے میں فی الحال زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
’مٹی دے باوے‘ کی ہدایت کاری سید وجاہت حسین نے کی ہے جبکہ اس کی کہانی فائزہ افتخار نے لکھی ہے۔
ڈرامے کی ریلیز کی حتمی تاریخ تاحال سامنے نہیں آئی۔ گرین انٹرٹینمنٹ کے مطابق یہ ڈرامہ ’جلد آرہا ہے‘۔


