اردو رپورٹ ڈیسک
سولر صارفین کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے، حکومت نے نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ منتقلی سے متعلق 11 ہزار 695 زیرِ التوا درخواستیں حل کر دی ہیں۔
پاور ڈویژن کے مطابق نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ منتقلی کے لیے مجموعی طور پر 16 ہزار 654 درخواستیں زیرِ التوا تھیں۔ ان میں سے 11 ہزار 695 صارفین سے پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی نے براہِ راست پیغامات اور واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کیا۔
درخواست کا اسٹیٹس آن لائن معلوم کیا جا سکے گا
پاور ڈویژن کے مطابق سولر صارفین اب اپنی نیٹ میٹرنگ درخواست کا اسٹیٹس آن لائن پورٹل کے ذریعے بھی چیک کر سکتے ہیں۔
محکمہ نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ درخواست کی جلد کارروائی کے لیے کسی بھی فرد کو کوئی فیس ادا نہ کریں۔
ایجنٹوں سے تحفظ اور غیر قانونی کنکشن کی روک تھام
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق صارفین سے براہِ راست رابطے کا مقصد انہیں ایجنٹوں اور غیر ضروری مداخلت سے محفوظ رکھنا ہے۔
ترجمان کے مطابق تصدیق کے عمل کا بنیادی مقصد مستحق صارفین کے حقوق کا تحفظ اور غیر قانونی کنکشنز کی روک تھام ہے۔
حکومت سولر انرجی کے فروغ کے حق میں
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت سولر انرجی اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی بھرپور حامی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سولرائزیشن کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہتی بلکہ صارفین کے لیے شفاف اور پائیدار نظام قائم کرنا چاہتی ہے۔
حکومت کی جانب سے زیرِ التوا درخواستوں پر کارروائی کا مقصد نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ منتقلی کے عمل میں شفافیت برقرار رکھتے ہوئے صارفین کی درخواستوں کو نمٹانا ہے۔


