اردوEnglish
ہفتہ, 17 اکتوبر 2026
  • Home  
  • ایچ ای سی نے پاکستانی طلبہ کے لیے بیرونِ ملک تحقیقی فیلوشپ کا اعلان کردیا
- تعلیم

ایچ ای سی نے پاکستانی طلبہ کے لیے بیرونِ ملک تحقیقی فیلوشپ کا اعلان کردیا

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے آئی آر ایس آئی پی کے بیچ 60 کے لیے درخواستیں کھول دی ہیں۔ منتخب پی ایچ ڈی طلبہ کو چھ ماہ کی بیرونِ ملک تحقیق کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

اردو رپورٹ ڈیسک

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پاکستانی اور آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کے لیے انٹرنیشنل ریسرچ سپورٹ انیشی ایٹو پروگرام (آئی آر ایس آئی پی) کے بیچ 60 کے لیے درخواستیں کھول دی ہیں۔

پروگرام کے تحت پاکستان کی تسلیم شدہ جامعات میں کل وقتی پی ایچ ڈی کرنے والے طلبہ کو چھ ماہ تک بیرونِ ملک تحقیقی کام کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر 2026 ہے۔

اہلیت کی شرائط

درخواست گزار کا پاکستانی یا آزاد جموں و کشمیر کا شہری ہونا اور ایچ ای سی سے تسلیم شدہ یونیورسٹی میں کل وقتی پی ایچ ڈی طالب علم ہونا ضروری ہے۔

امیدوار نے پی ایچ ڈی کورس ورک کے کم از کم 18 کریڈٹ آورز مکمل کیے ہوں۔ اس کے علاوہ پی ایچ ڈی میں کم از کم 18 ماہ مکمل کرچکا ہو، جبکہ درخواست کے وقت پی ایچ ڈی کی مدت ساڑھے تین سال سے زیادہ نہ ہوئی ہو۔

بیچ 60 کے لیے وہ امیدوار اہل ہیں جنہوں نے موسمِ بہار 2023 سے موسمِ بہار 2025 کے دوران پی ایچ ڈی میں داخلہ لیا ہو۔

درخواست گزار کے لیے جی اے ٹی سبجیکٹ ٹیسٹ یا متعلقہ یونیورسٹی کا داخلہ ٹیسٹ پاس کرنا بھی ضروری ہے۔ اس کے ساتھ پی ایچ ڈی کے تحقیقی موضوع اور خلاصے کی متعلقہ یونیورسٹی حکام سے منظوری بھی لازمی ہے۔

بیرونِ ملک میزبان ادارے کی شرط

امیدوار کو کسی غیرملکی یونیورسٹی، تحقیقی ادارے یا لیبارٹری سے باضابطہ قبولیت یا دعوت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ میزبان ادارہ کسی ترقی یافتہ ملک میں واقع ہونا چاہیے اور ایچ ای سی کی مقررہ درجہ بندی کی شرائط پوری کرتا ہو۔

غیرملکی نگران پی ایچ ڈی کے متعلقہ تحقیقی شعبے سے وابستہ کل وقتی فیکلٹی رکن ہونا چاہیے اور اس کا عہدہ اسسٹنٹ پروفیسر یا اس سے اوپر کا ہونا ضروری ہے۔

امیدواروں سے توقع کی گئی ہے کہ وہ درخواست دینے سے قبل اپنے پی ایچ ڈی کے تحقیقی شعبے سے متعلق مناسب تحقیقی گروپ یا نگران کا انتخاب کرلیں۔

مالی معاونت کی تفصیلات

ایچ ای سی چھ ماہ کی تحقیقی قیام کے لیے مالی معاونت فراہم کرے گا۔ منتخب اسکالرز کو زیادہ سے زیادہ 1300 ڈالر تک اکانومی کلاس واپسی کا فضائی ٹکٹ دیا جاسکتا ہے۔

اس کے علاوہ ملک کے لحاظ سے ماہانہ رہائشی وظیفہ بھی فراہم کیا جائے گا۔ امریکا جانے والے اسکالرز کو ماہانہ 1500 ڈالر تک مل سکتے ہیں، جبکہ برطانیہ کے لیے یہ رقم 750 پاؤنڈ تک ہے۔

آسٹریا، جرمنی اور نیدرلینڈز کے لیے ماہانہ وظیفہ 975 یورو تک مقرر کیا گیا ہے، جبکہ دیگر یورپی ممالک کے لیے یہ رقم 900 یورو تک ہوسکتی ہے۔

چین، جنوبی کوریا اور ملائیشیا جانے والے اسکالرز کو ماہانہ 800 ڈالر تک وظیفہ دیا جاسکتا ہے۔ میزبان ادارے اور پروگرام کی مقررہ حدود کے مطابق منظور شدہ تحقیقی اخراجات بھی فراہم کیے جاسکتے ہیں۔

درکار دستاویزات

درخواست گزاروں کو غیرملکی میزبان ادارے کا باضابطہ قبولیت نامہ، غیرملکی نگران کی مکمل ایچ ای سی پروفارما اور نگران کا تازہ ترین سی وی جمع کرانا ہوگا۔

اس کے علاوہ پی ایچ ڈی کے تحقیقی موضوع اور خلاصے کی منظوری کا ثبوت، منظور شدہ تحقیقی خلاصے کی مکمل نقل اور مقامی پی ایچ ڈی نگران کا سفارشی خط بھی درکار ہوگا۔

درخواست جمع کرانے کا طریقہ

اہل امیدواروں کو ایچ ای سی کے اسکالرشپ پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرانی ہوگی۔ درخواست فارم کے تمام حصے مکمل کرنے اور مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے بعد امیدوار کو اس بات کی تصدیق کرنی ہوگی کہ درخواست کی حیثیت ’’جمع شدہ‘‘ ظاہر ہورہی ہے۔

’’محفوظ شدہ‘‘ حیثیت میں رہ جانے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔ منتخب امیدواروں سے بعد کے مرحلے میں دستاویزات کی ہارڈ کاپیاں بھی طلب کی جاسکتی ہیں۔

urdureport.com@2025. All Rights Reserved

Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!