اردو رپورٹ ڈیسک
پنجاب کے محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب الیکٹرک بائیک اسکیم کے تحت طلبہ میں موٹر سائیکلوں کی تقسیم کے حوالے سے نئی پیش رفت کا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق منتخب طلبہ میں الیکٹرک بائیکس کی فراہمی جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری پیغام میں موٹر سائیکلوں کی تقسیم کے حوالے سے ’’جلد آرہا ہے‘‘ کا اعلان کیا ہے، تاہم تقسیم کی حتمی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔
تقسیم کا آغاز دسمبر 2026 میں متوقع
یہ پیش رفت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے پہلے سے اعلان کردہ 5 نومبر کی تاریخ ملتوی کیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔ مریم نواز نے 10 نومبر کو جہلم میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا تھا کہ موٹر سائیکلوں کی بڑی تعداد میں تیاری کے باعث ان کی تقسیم دسمبر 2026 میں شروع کی جائے گی۔
دوسرے مرحلے میں ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس تقسیم ہوں گی
اسکیم کے دوسرے مرحلے کے تحت پنجاب حکومت قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کیے گئے طلبہ میں ایک لاکھ الیکٹرک موٹر سائیکلیں تقسیم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس اسکیم کے لیے 6 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔
بلا سود اقساط اور مفت تربیت کی سہولت
اسکیم کے تحت طلبہ کو الیکٹرک موٹر سائیکلیں بلا سود اقساط پر فراہم کی جائیں گی، جبکہ اقساط پر عائد منافع اور بیمے کے اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔
منتخب طلبہ کو موٹر سائیکلوں کے ساتھ حفاظتی ہیلمٹ بھی فراہم کیے جائیں گے، جبکہ انہیں موٹر سائیکل چلانے کی مفت تربیت دینے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
تاہم محکمہ ٹرانسپورٹ نے تاحال موٹر سائیکلوں کی تقسیم شروع کرنے کی حتمی تاریخ جاری نہیں کی۔

