اردوEnglish
پیر, 23 نومبر 2026
  • Home  
  • عراق نے صدام حسین کا شاہانہ طیارہ 9 لاکھ ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کردیا
- دنیا

عراق نے صدام حسین کا شاہانہ طیارہ 9 لاکھ ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کردیا

عراق نے سابق صدر صدام حسین کے زیر استعمال بوئنگ 747 ایس پی سمیت دو بڑے مسافر طیاروں کی فروخت کا اعلان کیا ہے، جو 35 سال سے تیونس کے صحرائی علاقے میں کھڑے ہیں۔

اردو رپورٹ ڈیسک

عراق نے سابق صدر صدام حسین کے زیر استعمال رہنے والا شاہانہ سرکاری طیارہ فروخت کے لیے پیش کردیا ہے۔ بوئنگ 747 ایس پی نامی اس طیارے کی تخمینہ قیمت 9 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ یہ طیارہ گزشتہ 35 برس سے تیونس کے ایک ہوائی اڈے پر کھڑا ہے۔

دو طیاروں کی براہ راست فروخت کا اعلان

سرکاری فضائی کمپنی عراقی ایئرویز نے 18 نومبر کو براہ راست فروخت کا اعلان کرتے ہوئے بوئنگ 747 ایس پی (رجسٹریشن نمبر YI-ALM) کے ساتھ ایک اور بوئنگ 747-200 (رجسٹریشن نمبر YI-AGP) بھی فروخت کے لیے پیش کیا ہے۔

دونوں طیارے 1982 میں تیار کیے گئے تھے اور 1991 سے جنوب مغربی تیونس کے توزر-نفطہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کھڑے ہیں۔ خلیجی جنگ کے دوران اتحادی افواج کے فضائی حملوں سے بچانے کے لیے عراق انہیں تیونس منتقل کرگیا تھا۔

قیمت میں 82 فیصد اضافہ

عراقی ایئرویز کے مطابق دونوں طیاروں میں سے ہر ایک کی تخمینہ قیمت 9 لاکھ ڈالر ہے، یوں دونوں کی مجموعی قیمت 18 لاکھ ڈالر بنتی ہے۔

یہ قیمت 2023 کے مقابلے میں 82 فیصد زیادہ ہے۔ اس وقت عراقی ایئرویز نے یہی طیارے فی کس 4 لاکھ 94 ہزار ڈالر میں فروخت کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم کوئی خریدار سامنے نہیں آیا تھا۔

بوئنگ 747 ایس پی، عام جمبو جیٹ کا مختصر اور طویل فاصلے تک پرواز کرنے والا ماڈل ہے، جسے صدام حسین کے دور حکومت میں اعلیٰ سرکاری شخصیات کی آمدورفت کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ خریدار ایک طیارے یا دونوں کے لیے بولی دے سکتے ہیں۔

خریداروں کے لیے شرائط

عراقی ایئرویز کے فروخت کے نوٹس کے مطابق طیارے موجودہ حالت میں فروخت کیے جائیں گے اور ان کی تکنیکی حالت کی کوئی ضمانت نہیں دی جائے گی۔

سنجیدہ خریداروں کو ہر طیارے کے لیے 20 فیصد پیشگی رقم، یعنی ایک لاکھ 80 ہزار ڈالر جمع کرانا ہوں گے۔ اس کے علاوہ 2 فیصد سروس فیس بھی ادا کرنا ہوگی۔ پیشکش منظور ہونے کے بعد خریدار کو پانچ دن کے اندر مکمل رقم ادا کرنا ہوگی۔

طیاروں کی ملکیت کی منتقلی، کسٹم کلیئرنس، منتقلی کے اخراجات، ٹیکس اور حوالگی کے بعد پارکنگ کے اخراجات بھی خریدار کے ذمے ہوں گے۔

فروخت کا طریقہ کار اور تاریخیں

ابتدائی درخواستیں ای میل یا واٹس ایپ کے ذریعے 30 دن تک جمع کرائی جا سکیں گی۔

اس کے بعد فروخت کی کمیٹی 21 دسمبر 2026 سے 5 جنوری 2027 تک تیونس میں عراقی سفارت خانے میں بیٹھے گی، جہاں بولیاں وصول کرکے فروخت کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ تاہم کسی بھی معاہدے کی حتمی منظوری عراق کے وزیر ٹرانسپورٹ دیں گے۔

پی آئی اے بھی طیارے فروخت کرچکی ہے

پاکستان میں قومی فضائی کمپنی پی آئی اے بھی ماضی میں اپنے چھ ایئربس اے 320 طیارے نیلامی کے لیے پیش کرچکی ہے، جبکہ ایک اے ٹی آر طیارے کی نیلامی بھی کی جاچکی ہے۔

urdureport.com@2025. All Rights Reserved

Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!