اردو رپورٹ ڈیسک
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے تمام صارفین کی تفصیلات ماہانہ بنیادوں پر فراہم کریں جو اپنے کریڈٹ کارڈ کے بل کی مد میں 2 لاکھ روپے یا اس سے زیادہ رقم ادا کرتے ہیں۔
ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں کریڈٹ کارڈ ادائیگیوں سے متعلق ایک مخصوص گوشوارہ شامل کیا ہے۔ ان قواعد کو 15 ستمبر 2026 تک تازہ کیا گیا ہے۔
یہ شرط ٹیکس سال 2027 کے لیے لاگو ہوگی، جو یکم جولائی 2026 سے 30 جون 2027 تک جاری رہے گا۔
بینکوں کو کون سی معلومات فراہم کرنا ہوں گی؟
نئے طریقہ کار کے تحت تجارتی بینکوں کو ہر ماہ ایسے افراد اور اداروں کی تفصیلات جمع کرانا ہوں گی جن کی کریڈٹ کارڈ بلوں کی ادائیگیاں کسی ایک ماہ میں 2 لاکھ روپے یا اس سے زیادہ ہوں۔
ہر صارف کے بارے میں بینکوں کو درج ذیل معلومات فراہم کرنا ہوں گی:
- قومی شناختی کارڈ، نائیکوپ یا پاسپورٹ نمبر
- قومی ٹیکس نمبر (این ٹی این)
- اکاؤنٹ کا نام اور رہائشی حیثیت
- رہائشی پتہ اور ٹیلی فون نمبر
- کریڈٹ کارڈ نمبر اور کارڈ حاصل کرنے کی تاریخ
- کاروبار یا پیشہ
- کریڈٹ کارڈ کے بل کی مد میں ادا کی گئی رقم
بینک کے مجاز افسر کی تصدیق بھی لازمی
بینک کے مجاز نمائندے کو گوشوارے پر دستخط کرکے تصدیق کرنا ہوگی کہ فراہم کردہ معلومات ان کے علم اور یقین کے مطابق درست اور مکمل ہیں۔
نمائندے کو اپنا نام اور قومی شناختی کارڈ نمبر بھی درج کرنا ہوگا اور اس بات کی تصدیق کرنا ہوگی کہ وہ بینک کی جانب سے یہ گوشوارہ جمع کرانے کا مجاز ہے۔
کریڈٹ کارڈ صارفین پر کیا اثر پڑے گا؟
نئے قواعد کے تحت کریڈٹ کارڈ کی ادائیگی پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، تاہم زیادہ رقم خرچ کرنے والے صارفین کی مالی سرگرمیاں براہ راست ایف بی آر کی نگرانی میں آجائیں گی۔
چونکہ بینکوں کی رپورٹ میں صارف کا قومی شناختی کارڈ نمبر، قومی ٹیکس نمبر اور کریڈٹ کارڈ بل کی ادائیگی کی رقم شامل ہوگی، اس لیے ایف بی آر ان اخراجات کا صارف کے ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کردہ آمدن اور مالی معلومات سے موازنہ کرسکے گا۔
ایف بی آر کا مؤقف
ایف بی آر کے مطابق یہ اقدام بڑے کریڈٹ کارڈ لین دین کی نگرانی اور مالی شفافیت بہتر بنانے کے لیے متعارف کرائے گئے رپورٹنگ نظام کا حصہ ہے۔
گزشتہ برسوں کے دوران کریڈٹ کارڈ صارفین کے لیے ٹیکس سے متعلق کئی تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں، جن میں بجٹ کے تحت بیرون ملک کریڈٹ کارڈ لین دین پر ٹیکس میں کمی اور ان کاروباروں کو بند کرنے سے متعلق ایف بی آر کی سابقہ تنبیہ شامل ہے جو کارڈ کے ذریعے ادائیگیاں قبول کرنے سے انکار کرتے ہیں۔

