اردو رپورٹ ڈیسک
سردیوں میں زیادہ بھوک لگنا اور بار بار کچھ کھانے کی خواہش ہونا عام بات ہے، تاہم ماہرین کے مطابق اس کی وجہ صرف سرد موسم نہیں بلکہ جسمانی تبدیلیاں، نیند کے معمولات میں فرق اور روزمرہ جسمانی سرگرمیوں میں کمی بھی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سرد موسم میں جسم کو اپنا درجہ حرارت برقرار رکھنے کے لیے زیادہ توانائی خرچ کرنا پڑ سکتی ہے۔ اس دوران جسم کپکپی اور بھورے چربی کے خلیات کی مدد سے حرارت پیدا کرتا ہے، جس کے نتیجے میں توانائی استعمال ہوتی ہے۔
تحقیقات کے مطابق سردی میں جسم کی توانائی خرچ کرنے کی شرح بڑھ سکتی ہے، تاہم اس کا انحصار سردی کی شدت اور اس ماحول میں گزارے گئے وقت پر ہوتا ہے۔
ایک تحقیق میں ہلکی سردی کے دوران توانائی کے استعمال میں اضافہ دیکھا گیا، تاہم شرکاء کی بھوک یا خوراک کی مقدار میں نمایاں تبدیلی سامنے نہیں آئی۔
سردیوں میں زیادہ بھوک لگنے کی وجوہات
سردیوں میں گرم اور زیادہ حراروں والی غذائیں کھانے کا رجحان بڑھ جاتا ہے۔ گاجر کا حلوہ، خشک میوہ جات، سوپ، یخنی، پنجیری، پینیاں، پراٹھے، تلی ہوئی مچھلی اور ابلے ہوئے انڈے اس موسم کی پسندیدہ غذاؤں میں شامل ہیں۔
گھی، مکھن، چینی اور تیل سے تیار ہونے والی غذاؤں کا روزانہ زیادہ مقدار میں استعمال جسم میں اضافی حرارے جمع ہونے کا سبب بنتا ہے۔
کبھی کبھار پسندیدہ غذا کھانے سے عموماً وزن پر نمایاں فرق نہیں پڑتا، تاہم کئی ہفتوں تک زیادہ حراروں والی غذائیں معمول کا حصہ رہیں تو وزن بڑھ سکتا ہے۔
نیند کی کمی بھی بھوک بڑھا سکتی ہے
سردیوں میں دن چھوٹے ہونے کے باعث نیند کے معمولات متاثر ہوسکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق نیند پوری نہ ہونے سے بھوک کو کنٹرول کرنے والے ہارمونز، خصوصاً غریلن اور لیپٹن، میں تبدیلی آسکتی ہے، جس سے کھانے کی خواہش بڑھ جاتی ہے۔
رات دیر تک جاگنا، کھانے کے اوقات میں بے قاعدگی اور بار بار کچھ نہ کچھ کھاتے رہنا بھی بھوک میں اضافے کی وجوہات میں شامل ہیں۔
سردیوں میں وزن قابو میں رکھنے کے طریقے
ماہرین کا مشورہ ہے کہ سردیوں میں پسندیدہ غذاؤں کو مکمل طور پر ترک کرنے کے بجائے متوازن خوراک کو معمول بنایا جائے۔
دالیں، انڈے، پنیر، سبزیاں، ثابت اناج اور پھلیاں پروٹین اور غذائی ریشہ فراہم کرتی ہیں، جس سے زیادہ دیر تک پیٹ بھرا رہتا ہے اور بار بار کھانے کی خواہش کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
روزانہ ورزش اور چہل قدمی ضروری
سردیوں میں جسمانی سرگرمیاں کم ہونے سے بھی وزن بڑھنے کا خدشہ رہتا ہے۔ اس لیے روزانہ چہل قدمی، گھر میں ورزش، جسم کو کھینچنے کی مشقیں اور وقفے وقفے سے جسمانی حرکت کو معمول بنانا چاہیے۔
اس کے ساتھ مناسب نیند لینا بھی ضروری ہے، کیونکہ نیند کا دورانیہ اور معیار بھوک اور وزن کو قابو میں رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق سردیوں میں بھوک بڑھنا لازمی طور پر کسی بیماری یا مسئلے کی علامت نہیں، تاہم خوراک، نیند اور جسمانی سرگرمیوں میں توازن برقرار رکھ کر غیر ضروری وزن بڑھنے سے بچا جاسکتا ہے۔


