اردو رپورٹ ڈیسک
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سرگودھا کانفرنس پر پابندی، لاہور میں اپنی رہائش گاہ کی ناکہ بندی، جماعتی قیادت کی نظر بندیوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ سرگودھا میں کانفرنس کا انعقاد بدستور طے ہے اور وہ ہر صورت وہاں روانہ ہوں گے۔
26 نومبر 2026 کو اپنے پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے مرکزی دروازوں پر کنٹینر کھڑے کرکے نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے، جبکہ سرگودھا جانے والے راستے اور موٹروے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
ان کے مطابق شہر میں کرفیو جیسی صورتحال پیدا کر دی گئی ہے اور کانفرنس کے لیے مختص جلسہ گاہ پر سکیورٹی فورسز نے قبضہ کر رکھا ہے۔ تاہم تمام رکاوٹوں کے باوجود وہ سرگودھا جانے کے اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔
ملک بھر میں پُرامن احتجاج کا اعلان
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام اپنے آئینی اور جمہوری حقوق سے دستبردار نہیں ہوگی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سرگودھا کانفرنس پر پابندی، کارکنوں کی گرفتاریوں اور مرکزی و صوبائی قیادت کی نظر بندیوں کے خلاف ملک بھر میں پُرامن احتجاج کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کا دائرہ کوہستان اور چترال سے لے کر بدین، تربت، مکران اور چمن تک پھیلایا جائے گا اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ مبینہ غیر جمہوری اقدامات کے خلاف گھروں سے نکل کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
کارکنوں کی گرفتاریوں اور تشدد کا الزام
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے الزام عائد کیا کہ سرگودھا اور خوشاب سمیت مختلف اضلاع میں جماعت کے کارکنوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریاں جاری ہیں۔ ان کے مطابق راولپنڈی سے ڈیرہ غازی خان تک مختلف علاقوں میں کارکنوں کو حراست میں لیا جا رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ جماعت کے مرکزی ناظم عمومی مولانا عبدالغفور حیدری کو نظر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ جماعت کے صوبائی امیر کو بھی خوشاب میں نظر بند کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ سرگودھا کے امیر کے وکیل بیٹے کو گرفتار کرکے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں کی گرفتاریاں اور ان پر تشدد کسی صورت قابل قبول نہیں۔
سرگودھا کانفرنس ہر صورت منعقد کرنے کا اعلان
مولانا فضل الرحمان نے سوال اٹھایا کہ جمعیت علمائے اسلام کو اس کے آئینی اور جمہوری حق سے کیوں محروم کیا جا رہا ہے اور ایک پُرامن جلسہ و کانفرنس کے انعقاد کی اجازت کیوں نہیں دی جا رہی؟
انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں، سرگودھا کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ برقرار رہے گا اور وہ ہر صورت سرگودھا جائیں گے۔

