جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے ایک روزہ میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ جنوبی افریقہ کے ڈی کوک نے 123 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پروٹیز نے 41ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ پاکستانی بولرز صرف دو وکٹیں ہی حاصل کر سکے۔
اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی جا رہی تین ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 270 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا سابق کپتان بابر اعظم ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سابق کپتان محمد رضوان صرف چار جبکہ اوپنر فخر زمان بغیر کوئی رنز بنائے اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
جنوبی افریقہ نے لونگی اینگیڈی اور لیزڈ ولیمز کی جگہ لیفٹ آرم بولر ناندرے برگر اور لیگ سپنر نکابا پیٹر کو موقع دیا جبکہ پاکستان نے لیگ سپنر ابرار احمد اور حسن نواز کی جگہ فہیم اشرف اور محمد وسیم جونیئر کو فائنل الیون میں جگہ دی۔

