پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو سنٹرل کنٹریکٹ اور میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس بھیجا گیا ہے
ایک بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا تھا کہ یہ شوکاز نوٹس ڈسپلنری فری ورک کے تحت بھیجا گیا اور یہ کہ نسیم شاہ کو جواب دائر کرنے کے لیے وقت دیا گیا ہے۔
پی سی بی نے کہا ہے کہ نسیم شاہ کا جواب موصول ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ قوانین کے تحت آئندہ کیا کارروائی کی جائے گی۔
اس کا کہنا ہے کہ پی سی بی پیشہ ورانہ معیار، کنٹریکٹ کے تقاضوں اور کھیل کی ساکھ قائم رکھنے کے لیے پُرعزم
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر نسیم شاہ نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کو اُن کا ایکس اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا جسے بعد میں کامیابی کے ساتھ بحال کرا لیا گیا تھا۔
جمعرات کو پی ایس ایل کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قذافی سٹیڈیم آمد کے موقع پر نسیم شاہ کے ایکس اکاؤنٹ سے پوسٹ میں کہا گیا کہ ’ان کے ساتھ ملکہ کی طرح کا برتاؤ کیوں کیا جا رہا ہے؟‘
یہ پوسٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس تقریب سے متعلق جاری کیے گئے اعلامیے پر کی گئی جس میں مریم نواز، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ہمراہ کھلاڑیوں سے مل رہی تھیں۔
یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی تھی، جس میں نسیم شاہ کے فین اور کرکٹ مبصرین نسیم شاہ کے لیے مستقبل بارئے خدشات کا اظہار کرنے لگے۔ پھر شاید نسیم کا اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ نسیم شاہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ’راولپنڈیز‘ میں شامل ہیں، جس نے اُنھیں آٹھ کروڑ 65 لاکھ روپے کے عوض خریدا تھا۔
پی سی بی نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب بھی منسوخ کر دی تھی، تاہم جمعرات کو پی ایس ایل کے پہلے میچ سے پہلے ایک مختصر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک ہوئیں۔


